فٹ بال کے فروغ کیلئے جولائی میں پنجاب اوپن انڈر 15فٹ بال چمپئن شپ کرائیں گے‘محمد عامر جان

پنجاب فٹ بال ایسوسی ایشن کے باہمی تعاون سے جولائی کے تیسرے ہفتے میں پہلے مرحلے میں انٹرڈسٹرکٹ پھر انٹر ڈویژن اور پنجاب کی سطح پر مقابلے ہونگے چمپئن شپ کے انعقاد سے گراس روٹ لیول سے کھلاڑی سامنے آئیں گے، سپورٹس بورڈ پنجاب مالی اور انتظامی تعاون کریگا‘سیکرٹری سپورٹس پنجاب

جمعرات 7 جون 2018 18:00

فٹ بال کے فروغ کیلئے جولائی میں پنجاب اوپن انڈر 15فٹ بال چمپئن شپ کرائیں گے‘محمد عامر جان
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جون2018ء) سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمدعامر جان نے کہا ہے فٹ بال کے فروغ کیلئے سپورٹس بورڈ پنجاب اور پنجاب فٹ بال ایسوسی ایشن کے باہمی تعاون سے جولائی میں پنجاب اوپن انڈر 15فٹ بال چمپئن شپ منعقد کی جارہی ہے جس سے گراس روٹ لیول سے کھلاڑی سامنے آئیں گے ، جولائی کے تیسرے ہفتے میں منعقد ہونیوالی چمپئن شپ میں ضلع، ڈویژن اور پنجاب کی سطح پر مقابلے ہوں گے، کھلاڑیوں کو بہترین سہولتیں فراہم کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز سپورٹس بورڈ پنجاب میں سردار نوید حیدر کی قیادت میں پنجاب فٹ بال ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر سپورٹس محمد حفیظ بھٹی، ڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان، صدر فٹ بال ایسوسی ایشن لاہور ڈویژن میاں رضوان اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے مزید کہا ہے کہ سپورٹس بورڈ پنجاب کرکٹ،ہاکی،فٹ بال سمیت ہر کھیل کے فروغ کیلئے کام کررہا ہے، سپورٹس بورڈ پنجاب اور پنجاب فٹ بال ایسوسی ایشن نیا ٹیلنٹ تلاش کرنے کیلئے مل کر کام کررہے ہیں، جولائی کے تیسرے ہفتے میں پنجاب اوپن انڈر15فٹ بال چیمپیئن شپ منعقد کی جا رہی ہے، جس میں پہلے مرحلے میں انٹر ڈسٹرکٹ پھر انٹر ڈویژن مقابلے ہوں گے، آخر میں 9 ڈویژنز کی ٹیمیں پنجاب کی سطح پر مقابلوں میں حصہ لیں گی، ہر ضلع میں کھلاڑیوں کے اوپن ٹرائلز ہوں گے اور کھلاڑیوں کا انتخاب مکمل طور پر میرٹ پر ہوگا، چیمپئن شپ کیلئے سپورٹس بورڈ پنجاب مالی اور انتظامی تعاون کرے گا، کھلاڑیوں کو کٹس اور ٹرانسپورٹ بھی مہیا کی جائیں گی۔

انشاء اللہ یہ ایونٹ کامیاب ہوگا اور نوجوانوں کی دلچسپی میں اضافے کا باعث بنے گا۔ سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے مزید کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے کھیلوں کا بہترین انفراسٹرکچر قائم کیا ہے، صوبہ بھر میں 40 گرائونڈز بنائے جارہے ہیں جو تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں، ان میں فلڈلائٹس کے ساتھ تمام جدید سہولتیں فراہم کررہے ہیں، ان گرائونڈز کو آباد کرنے کیلئے اس طرح کے ایونٹس بھی منعقد کرائیں گے، دیگر کھیلوں کے فروغ کے لئے بھی سپورٹس ایسوسی ایشنز کے ساتھ مل کرکام کریں گے۔

پنجاب فٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر سردار نوید حیدر نے فٹ بال چیمپئن شپ کے انعقاد کیلئے تعاون پر سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آج نئی تاریخ بن رہی ہے، اس سے قبل فٹ بال کا میگا ایونٹ نہیں ہوا، انڈر15فٹ بال چیمپئن شپ کے انعقاد سے نئے کھلاڑی تلاش کرنے میں مدد ملے گی، چیمپئن شپ میں پنجاب کی سطح پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑی ستمبر میں ہونیوالی انڈر15 فٹ بال نیشنل چیمپئن شپ میں حصہ لیں گے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں