پاکستان خطرات میں گھرا ہواہے،ملک و ملت بحرانوں سے دوچار ہیں،متحدہ مجلس عمل نے اسلامی فلاحی منشور دیاہے

جماعت اسلامی پاکستان اور متحدہ مجلس عمل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ کا عوامی افطار پروگرام سے خطاب

جمعرات 7 جون 2018 17:28

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 جون2018ء) جماعت اسلامی پاکستان اور متحدہ مجلس عمل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان خطرات میں گھرا ہواہے،ملک و ملت بحرانوں سے دوچار ہیں،متحدہ مجلس عمل نے اسلامی فلاحی منشور دیاہے ۔جمعرات کو متحدہ مجلس عمل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے این اے 130 کے علاقہ شادمان ، مسلم ٹائون ، وحدت کالونی اور رحمن پورہ میں کارنرمیٹنگز، معززین کے اجلاس اور عوامی افطار پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اسلامی نظریاتی مملکت ہے، آئین اور اسلامی قوانین پوری قوم کا مشترکہ اثاثہ ہیں لیکن مقتدر طبقہ اس پر عملدرآمد میں بڑی رکاوٹ ہے اسی وجہ سے تہذیب و اخلاق کا نقصان اور نئی نسل کو قیام پاکستان کے مقاصد سے دور کیا جارہاہے ۔

(جاری ہے)

لیاقت بلوچ نے کہاکہ پاکستان خطرات میں گھرا ہواہے ۔ ملک و ملت بحرانوں سے دوچار ہیں ۔ امریکہ افغانستان پر ناجائز قابض اور بھارت و اسرائیل کو پورے خطہ میں دہشتگردی ، عدم استحکام کے لیے استعمال کر رہاہے اس سے بڑا المیہ ہے کہ قومی قیادت انتہائی غیر ذمہ دارانہ کردار اور رویہ کا اظہار کر رہی ہے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں پانچ سال پورے کر کے رخصت ہو گئی ہیں عوام کو محرومیاں ، بے یقینی ، مہنگائی ، لوڈشیڈنگ ، بے روزگاری ، زہریلا پانی ، ذلت و رسوائی دے گئی ہے ۔

سود کی لعنت اور قرضوں کا بے تحاشہ بوجھ عوام کے لیے وبال جان ہے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ متحدہ مجلس عمل نے اسلامی فلاحی منشور دیاہے ۔ دینی جماعتوں کا اتحاد قومی محاذ پر سیاسی بحرانوں میں مثبت اور پوری قوم کے لیے قومی وحدت و یکجہتی کا باعث بن رہاہے ۔ تمام دینی قوتیں محبان وطن ووٹر نظام مصطفیٰؐ کے قیام کے لیے یک جان اور یکسو ہورہے ہیں ۔ اس موقع پر احمد سلمان بلوچ ، احمد رضا بٹ ، اشتیاق گوجر ، تسنیم معین ، آصف بھٹی ، احسان اللہ تبسم اور دیگر رہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں