ایم ایم اے کے تاریخی جلسے سے ملک میں اسلامی انقلاب کی راہ ہموار ہوچکی ہے‘میاں مقصود احمد

پانچ سال پورے کرنے کے باوجودحکمران عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل نہیں کرپائے‘اجلاس سے خطاب

پیر 14 مئی 2018 18:22

ایم ایم اے کے تاریخی جلسے سے ملک میں اسلامی انقلاب کی راہ ہموار ہوچکی ہے‘میاں مقصود احمد
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2018ء) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ متحدہ مجلس عمل کامینار پاکستان کے مقام پر تاریخی جلسہ عام کے انعقاد پر عوام، کارکنان اورذمہ داران کاشکریہ اداکرتے ہیں۔مینار پاکستان پرہونے والے ایم ایم اے کے کامیاب اورتاریخی جلسے سے ملک میں اسلامی انقلاب کی راہ ہموار ہوچکی ہے۔

عوام کو حقیقی تبدیلی دینی جماعتوں کے اتحاد کے سواکوئی نہیں دے سکتا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمنصورہ میں اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ چیف جسٹس کی جانب سے 84ارب روپے کے قرضے معاف کرانے والوں کی تفصیلات طلب کرنا خوش آئند ہے۔ملکی معیشت کونقصان پہنچانے والوں کا محاسبہ ضروری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ موجودہ حکمران اپنے دور اقتدار کے پانچ سال پورے کرچکے ہیں مگر تاحال اپنے انتخابی منشور اور عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل نہیں کر سکے۔

لوڈشیڈنگ،مہنگائی،بے روزگاری،لاقانونیت،رشوت خوری،میرٹ کے برعکس تعیناتیاں اور دہشت گردی جیسے سنگین مسائل جوں کے توں موجودہیں۔شعبہ ہائے زندگی کے کسی بھی سیکٹر میں بہتری کی کوئی امید نظر نہیں آتی۔حکمرانوں نے سڑکوں کی توڑپھوڑ کانام ترقی رکھ دیاہے۔انہوں نے کہاکہ صوبے کی10کروڑ عوام بے یارومددگار ہیں ان کاکوئی پرسان حال نہیں۔نوجوان اور پڑھے لکھے افراد جرائم کی دلدل میں دھنستے چلے جارہے ہیں۔

یوں محسوس ہوتاہے کہ حکمرانوں کو عوامی مشکلات سے کوئی غرض نہیں۔اقرباپروری کے باعث ادارے تباہ حال ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہاکہ سرکاری ہسپتالوں کی صورتحال بھی انتہائی ناگفتہ بہ ہے ،مریضوں کابراحال ہے جبکہ لاہور سمیت صوبے بھر کے مختلف علاقوں میں پانی کی قلت کے باعث عوام سراپا احتجاج ہیں۔رہی سہی کسر واپڈا حکام کی جانب سے اووربلنگ نے پوری کردی ہے۔بجلی کی لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کے لیے فوری طور پر نئے ڈیم بنانے کی اشد ضرورت ہے۔جب تک چھوٹے بڑے نئے ڈیم بنانے کی طرف توجہ نہیں دی جائے گی اُس وقت تک لوڈشیڈنگ کے بحران سے نمٹانہیں جاسکتا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں