’’کون بنے گا پنجاب کا باکسنگ چیمپئن‘‘پہلی انٹر ڈویژن پنجاب اوپن باکسنگ چیمپئن شپ(کل) شروع ہوگی

بین الاقوامی شہرت یافتہ باکسر عامر خان اختتامی تقریب میں شریک ہونگے، جہانگیر خانزادہ

جمعہ 11 مئی 2018 23:05

’’کون بنے گا پنجاب کا باکسنگ چیمپئن‘‘پہلی انٹر ڈویژن پنجاب اوپن باکسنگ چیمپئن شپ(کل) شروع ہوگی
لاہور۔11 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2018ء) وزیر کھیل پنجاب جہانگیر خانزادہ نے کہا ہے کہ پہلی انٹرڈویژن پنجاب اوپن باکسنگ چیمپئن شپ (کل) شروع ہو گی، ’’کون بنے گا پنجاب کا باکسنگ چیمپئن‘‘ سلوگن ہوگا، 15 مئی کی اختتامی تقریب میں بین الاقوامی شہرت یافتہ پاکستان نژاد برطانوی باکسر عامر خان شرکت کریں گے، سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان کی زیرنگرانی چیمپپئن شپ کے لئے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں، ٹرائلز میں 770 باکسرز نے حصہ لیا، تاریخ میں پہلی بار 100 سے زائد خواتین باکسرز نے بھی ٹرائلز دیئے جو حوصلہ افزا ہے، باکسنگ کے فروغ کیلئے 9 ڈویژنز میں عالمی معیار کے باکسنگ رنگ بنارہے ہیں، ڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان نے کہا کہ تمام ٹرائلز ان کیمرہ ہوئے ہیں ، باکسرز کا انتخاب میرٹ پر کیا گیا ہے، نوجوان اب اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں، ڈائریکٹر سپورٹس محمد انیس شیخ نے کہا کہ جو انڈر 16 کھلاڑی تیار ہوں گے ان کو اکیڈمی میں تربیت دی جائے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز سپورٹس بورڈ پنجاب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر حفیظ بھٹی، پی آر او عبدالرئوف، پنجاب باکسنگ ایسوسی ایشن کے عہدیداران شرجیل بٹ، طارق گجر بھی موجود تھے، وزیر کھیل پنجاب جہانگیر خانزادہ نے بتایا کہ چیمئن شپ میں 3گروپ بنائے گئے ہیں جن میں انڈر 16 بوائز، ایلیٹ کلاس بوائز اور ایلیٹ کلاس گرلز شامل ہیں، انڈر 16میں 10، ایلیٹ کلاس بوائز میں 10اور خواتین ایلیٹ کلاس میں 6ویٹ کیٹیگریز بنائی گئی ہیں، باکسرز کی حوصلہ افزائی کے لئے انعامات کی رقم 26لاکھ روپے رکھی گئی ہے میں جن میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے باکسر کو بالترتیب 50،25اور 12ہزار روپے دیئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

وزیر کھیل پنجاب جہانگیر خانزادہ نے مزید کہاکہ انٹر ڈویژن پنجاب اوپن باکسنگ چیمپئن شپ کے ٹرائلز میں میں نئے باکسرز نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، پنجاب بھر سے 770باکسرز نے ٹرائلز دیئے جن میں 100 سے زائد خواتین باکسرز بھی شامل ہیں، ٹرائلز پنجاب باکسنگ ایسوسی ایشن کے تعاون سے منعقد کئے گئے اور میرٹ پر 177باکسرز کو چیمپئن شپ کے لئے منتخب کیا گیا، جن میں 22 خواتین ہیں، ان ٹرائلز سے ہمارے پاس صوبہ بھر کے باکسرز کا ریکارڈ مرتب ہوگیا ہے جس سے ہم بہتر منصوبہ بندی کرسکیںگے۔

وزیر کھیل پنجاب جہانگیر خانزادہ نے کہا کہ باکسنگ انٹرنیشنل سپورٹس ہے، اس کے فروغ کے لئے صوبہ کے 9ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز پر عالمی معیار کے باکسنگ رنگ بنا رہے ہیں۔وزیر اعلیٰ کے ویژن ’’کوئی اتھلیٹ پیچھے نہیں رہے گا‘‘کے مطابق تمام کھیلوں کے فروغ کے لئے اقدامات کررہے ہیں، صوبہ بھر میں 22 سپورٹس جمنیزیم مکمل ہوچکے ہیں ، ان میں انڈور گیمز ہورہی ہیں، دوردراز کے علاقوں میں بھی لاہور جیسی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں، وزیر کھیل پنجاب جہانگیر خانزادہ نے کہا کہ انٹر ڈویژن پنجاب اوپن باکسنگ چیمپئن شپ کی افتتاحی تقریب 12 مئی کو سہہ پہر 3بجے ہوگی ، جس میں شائقین کو اچھے مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔

15مئی کو اختتامی تقریب میں بین الاقوامی شہرت یافتہ باکسر عامر خان بھی شریک ہوں گے۔ڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان نے کہا کہ باکسنگ چیمپئن شپ کے ٹرائلز ان کیمرہ ہوئے ہیں اور میرٹ پر تمام باکسرز کو منتخب کرکے باصلاحیت نوجوانوں کو آگے بڑھنے کا موقع فراہم کیا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں