عصر حاضر کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے پنجاب پولیس اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں بھرپور اضافہ کر رہی ہے ‘عارف نواز خان

سپیشل آپریشن یونٹ پنجاب پولیس کی جدید تربیت یافتہ بہترین فورس ہے آپریشنز کو کامیابی کے ساتھ مکمل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے پنجاب پولیس نے عوام کے جان و مال اور عزت و آبرو کی حفاظت کے لئے ماضی میں بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا ،مستقبل میں بھی بہادری کی اعلی روایات برقرار رکھنے کا عزم کئے ہوئے ہے‘آئی جی پنجاب

جمعہ 11 مئی 2018 23:02

عصر حاضر کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے پنجاب پولیس اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں بھرپور اضافہ کر رہی ہے ‘عارف نواز خان
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2018ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ سپیشل آپریشن یونٹ پنجاب پولیس کی جدید تربیت یافتہ بہترین فورس ہے جس کا ہر سپاہی مشکل سے مشکل حالات میں بھی ہر طرح کے آپریشنز کو کامیابی کے ساتھ مکمل کرنے کی پوری صلاحیت رکھتا ہے، سپیشل آپریشن یونٹ میں پنجاب کے تمام اضلاع سے ایسے جوانوں کو منتخب کیا گیا ہے جو دہشت گرد اور سماج دشمن عناصرکے خلاف بہترین صلاحیتوں کا ثبوت دینے میں کامیاب رہے ہیں ، اس فورس کے قیام کا مقصد کچہ آپریشن جیسے مشکل اور دشوار گزار علاقوں میں موجود جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی کرنا ہے تاکہ ہر طرح کے حالات میں عوام کے جان و مال کو بھرپور تحفظ فراہم کیا جاسکے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایلیٹ ٹریننگ سنٹر بیدیاں میں سپیشل آپریشن یونٹ کے دستے میں شامل جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈی آئی جی ٹریننگ پنجاب سہیل احمد سکھیرا، ڈی آئی جی آپریشنز سجاد حسن منج ، کمانڈنٹ پولیس ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول کرنل پرویز اقبال اور ڈائریکٹر آپریشنز ایلیٹ ٹریننگ سکول بیدیاں کرنل سعد سلیم سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے ۔

آئی جی پنجاب عارف نواز خان نے ایلیٹ ٹریننگ سنٹر کے دورے کے دوران سپیشل آپریشن یونٹ کے جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت کا معائنہ کیا ، جوانوں نے موک ایکرسائز سمیت نشانہ بازی اور دیگر پروفیشنل مہارتوں کا عملی مظاہرہ کیا جس پرآئی جی پنجاب نے بہترین کارکردگی کے حامل آٹھ جوانوں کو نقد انعامات سے نوازا جن میں محمد امتیاز کو 10 ہزار اور قاسم علی کو 08 ہزار جبکہ امجد علی ، شمس الحق ، شرافت علی اور محمد ندیم کو پانچ پانچ ہزار کیش انعامات دیئے گئے ۔

آئی جی پنجاب نے دوران خطاب جوانوں کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سپیشل آپریشن یونٹ میں شامل جوان اپنا مورال بلند رکھیں اور اپنی صلاحیتوں کا بہترین استعمال کرتے ہوئے پرفارمنس سے یہ ثابت کریں کہ وہ جدید چیلنجز کا سامنا کرنے کیلئے ہر لمحہ پرعزم اور تیار ہیں ۔ان کامزید کہنا تھا کہ پنجاب پولیس نے عوام کے جان و مال اور عزت و آبرو کی حفاظت کے لئے ماضی میں بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا اور مستقبل میں بھی بہادری کی اعلی روایات برقرار رکھنے کا عزم کئے ہوئے ہے، اسی لئے عصر حاضر کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے پنجاب پولیس اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں بھرپور اضافہ کر رہی ہے پنجاب پولیس کی اس فورس کے جوانوں کو 25 ہزار الائونس بھی دیا جائے گا اور ان کے لئے مذید جدید سے جدید اسلحہ کی فراہمی کے لئے بھی کوششیں کی جارہی ہے تا کہ یونٹ موثر اندازمیں اپنی ذمہ داریاں ادا کر سکے ۔

انہوں نے اہلکاروں کو اپنی ذمہ داریاں بہترین انداز میں ادا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ افسران وا ہلکار اپنے فرائض اور تربیت پر بھرپور توجہ دیں تاکہ مجرموں کا قلع قمع کرنے میں انہیں کوئی دشواری نہ پیش آسکے۔ آئی جی پنجاب نے سپیشل آپریشن یونٹ کے معائنہ کے بعد ایلیٹ ٹریننگ سکول بیدیاں میں ایڈیشنل آئی جی ایلیٹ شاہد حنیف ، ڈی آئی جی ٹریننگ افضل محمود بٹ ، کمانڈنٹ ایلیٹ ٹریننگ سکول کرنل پرویز اور ڈائریکٹر آپریشن ایلیٹ ٹریننگ سکول کرنل سعد سمیت دیگر افسران اور ٹرینرز سے بھی ملاقات کی اور دیگر زیر تربیت جوانوں کی ٹریننگ اور سہولیات کے حوالے سے ہدایات جاری کیں ۔

انہوں نے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ زیر تربیت اہلکاروں کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں اور درپیش چیلنجز کے مطابق جدید پروفیشنل تربیت کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں