اگر قادیانی خود کو غیر مسلم تسلیم کرلیں تو ان پر کسی کو کوئی اعتراض نہیں ہوگا ، اسد اللہ بھٹو

جمعرات 26 اپریل 2018 23:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اپریل2018ء) جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر اور اقلیتی امور کے انچارج سابق رکن قومی اسمبلی اسداللہ بھٹو نے کہاہے کہ اگر قادیانی خود کو غیر مسلم تسلیم کرلیں تو ان پر کسی کو کوئی اعتراض نہیں ہوگا اور ان کے انسانی و اقلیتی حقوق کے تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیںگے ۔ لاہور کے مقامی ہوٹل میں ہیومن رائٹس کمیشن پاکستان کے زیر اہتمام ہونے والے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے اسد اللہ بھٹو نے کہاکہ ملک کا مسئلہ یہ نہیں کہ یہاں کوئی دستور اور قانون نہیں بلکہ اصل مسئلہ یہ ہے کہ دستور پر عمل درآمد نہیں ہوتا۔

جماعت اسلامی نے ہمیشہ اقلیتوں کے حقوق کے لیے آواز اٹھائی ہے اور جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سرا ج الحق تو جہاں بھی کسی اقلیت کے حقوق کی حفاظت کی بات ہوتی ہے آگے بڑھ کر ان کے مسائل پر توجہ دیتے ہیں ۔

(جاری ہے)

وہ اقلیتی برادری کو پاکستانی برادری کا نام دیتے ہیں ۔ جماعت اسلامی میں مختلف اقلیتوں کے نمائندے موجود ہیں ۔ احمدیوں کے ساتھ کسی کو کوئی تعصب یا نفرت نہیں اگر وہ خود کو مسلمان نہ کہیں اور ایک غیر مسلم اقلیت کی حیثیت سے اپنی پہچان کرائیں ، اپنے عبادت خانوں کو مسجد کا نام نہ دیں تو کسی کو ان پر کیا اعتراض ہوسکتاہے ۔

انہوںنے کہاکہ جماعت اسلامی ہر فورم پر اقلیتوں کے حقوق کی بات کرتی ہے ۔ کسی جگہ بھی عیسائیوں ، ہندوئوں یا سکھوں کو کوئی پریشانی ہو تو ہم ان کے دکھ درد میں شریک ہوتے ہیں ، اقلیتوں کی عبادت گاہوں کا احترام کرتے اور انہیں مکمل مذہبی آزادی دینے کی بات کرتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ جماعت اسلامی بر سر اقتدار آکر اقلیتوں کے اندر پائے جانے والے احساس کمتری کو ختم کر کے انہیں دیگر پاکستانیوں کی طرح عزت و وقار سے زندگی گزارنے کے تمام مواقع فراہم کرے گی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں