کرپٹ اور مفاد پرست سیاستدانوں نے پورے جمہوری عمل کو ناکارہ کردیاہے ، لیاقت بلوچ

دینی و محب وطن قوتوں کا اتحاد ایم ایم اے پاکستا ن کو سنجیدہ اور باوقار قیادت دے گا ، ملک کو اسلامی نظریاتی اور بااعتماد قیادت کی ضرورت ہے ، 2018 ء کے انتخابات میں ایم ایم اے بھر پور حصہ لے گی ، آئین کے مطابق بروقت انتخابات پوری قوم کا متفقہ مطالبہ ہے، پریس کانفرنس

جمعرات 26 اپریل 2018 23:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 اپریل2018ء) جماعت اسلامی پاکستان اور متحدہ مجلس عمل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ کرپٹ اور مفاد پرست سیاستدانوں نے پورے جمہوری عمل کو ناکارہ کردیاہے ۔ دینی و محب وطن قوتوں کا اتحاد ایم ایم اے پاکستا ن کو سنجیدہ اور باوقار قیادت دے گا ۔ ملک کو اسلامی نظریاتی اور بااعتماد قیادت کی ضرورت ہے ۔

2018 ء کے انتخابات میں ایم ایم اے بھر پور حصہ لے گی ۔ آئین کے مطابق بروقت انتخابات پوری قوم کا متفقہ مطالبہ ہے ۔ انتخابات میں کسی قسم کی کوئی تاخیر بھی بڑی خطرناک ثابت ہوسکتی ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے متحدہ مجلس عمل کی قانونی کمیٹی کے ہمراہ منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی اسد اللہ بھٹو ایڈووکیٹ ، سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف ، سکندر عباس گیلانی ، میاں محمد عبداللہ ایڈووکیٹ و دیگر بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

لیاقت بلوچ نے کہاکہ 27 اپریل کو اسلام آباد میں صدر متحدہ مجلس عمل پاکستان مولانا فضل الرحمن کی صدارت میں ایم ایم اے کی پانچوں جماعتوں کا سربراہی اجلاس ہورہاہے جس میں انتخابات کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا جائے گا اور چاروں صوبوں میں تنظیم کو موثر انداز میں لے کر چلنے کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ اس وقت تین صوبوں اور ساٹھ اضلاع میں ایم ایم اے کی تنظیم مکمل کر لی گئی ہے جبکہ خیبر پختونخوا اور باقی اضلاع میں بھی تنظیم سازی آئندہ دو ہفتوں میں مکمل کر لی جائے گا ۔

انہوںنے کہاکہ ایم ایم اے ان شاء اللہ اپنے انتخابی نشان ’’ کتاب‘‘ کے ساتھ میدان میں اترے گی ۔ 2 مئی کو کنونشن سینٹر اسلام آباد میں ایم ایم کی صوبائی و ضلعی قیادت اور اہم افراد کا کنونشن ملک و قوم کے مستقبل کا تعین کر دے گا ۔انہوںنے کہاکہ مئی میں چاروں صوبائی ہیڈکوارٹرز کراچی ، لاہور ، کوئٹہ ، پشاور اور ملتان سمیت بڑے اضلاع میں ایم ایم اے بڑے عوامی جلسوں کا انعقاد کرے گی ۔

رمضان المبارک میں افطار کے بڑے بڑے پروگرامات ہوں گے اور 27 رمضان المبارک کو یوم آزادی کے حوالے سے بڑی کانفرنس منعقد ہو گی ۔ انہوںنے کہاکہ ایم ایم اے اقلیتوں ، خواتین ، طلبہ اور یوتھ کا ایک پر اعتماد پلیٹ فارم اور بہترین متبادل سیاسی اتحاد ہے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ کرپٹ عناصر کا تسلسل کے ساتھ احتساب ہونا چاہیے سیاست اور ریاست کا تصادم کسی صورت نہیں ہونا چاہیے ۔

انہوںنے کہاکہ عدلیہ آئین و قانون کے مطابق اپنے مضبوط فیصلوں کے ساتھ ابھرے ، ایک دوسرے کی توہین کا تاثر نہیں ابھرنا چاہیے ۔ انہوںنے کہاکہ تلخیاں بڑھنے کا فائدہ ہمیشہ غیر جمہوری قوتوں کو ہوتاہے ۔ عدلیہ کی عزت و وقار ہم کا فرض ہے ۔ انہوںنے کہاکہ ایم ایم اے کی تمام جماعتیں منظم انداز اور جمہوری رویے کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہیں ۔ ابہام اور بے یقینی کے ماحول میں لوگوں کو اعتماد دینا ضروری ہے ۔

ہماری کوشش ہے کہ الزام تراشی کے ماحول میں ایک صاف ستھرا سیاسی کلچر دیا جائے ۔ انہوںنے کہاکہ آئین سے ماوریٰ کوئی اقدام نہیں ہوناچاہیے ۔ انہوںنے کہاکہ ایم ایم اے صاف ستھرے کردار کے دین سے محبت کرنے والے ہم خیال لوگوں کوساتھ ملا کر الیکشن لڑے گی اور ملک میں غلبہ دین کی جدوجہد میں محبت وطن قوتوں کو ساتھ ملائیں گے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں