جنرل ہسپتال میں نئے تعینات ہونے والے ڈاکٹرز کی ڈینگی بخار کے حوالے سے کلینیکل مینجمنٹ ٹریننگ مکمل

پچھلے سالوں کی طرح اس برس بھی ڈینگی بخار سے بچائو کے لئے جامع انتظامات کیے گئے ہیں،ڈاکٹرز ڈینگی بخار سے بچنے کی تمام احتیاطی تدابیر کے ایس اوپیز پر سختی سے عمل درآمد کرائیں ‘ پروفیسر غیاث النبی طیب

بدھ 25 اپریل 2018 16:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2018ء) پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ میں جاری ہیلتھ ایجوکیشن پروگرام کے تحت لاہور جنرل ہسپتال میں نئے تعینات ہونے والے ڈاکٹرز کی ڈینگی بخار کے حوالے سے کلینیکل مینجمنٹ ٹریننگ مکمل ہو گئی ہے ۔ یہ بات پرنسپل پی جی ایم آئی و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر غیاث النبی طیب نے ڈینگی سے نمٹنے کے انتظامات کے بارے میں منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمود صلاح الدین ،مختلف شعبوں کے انچارج صاحبان سمیت ایل جی ایچ کے تمام انتظامی ڈاکٹرز نے شرکت کی ۔ پروفیسر غیاث النبی طیب نے اجلاس میں کہا کہ پچھلے سالوں کی طرح اس برس بھی ڈینگی بخار کے خطرے سے بچنے کیلئے تمام تر احتیاطی تدابیر اور بچائو کے جامع انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈینگی کے ممکنہ مریضوں کے فوری علاج معالجے اور کسی بھی ایمرجنسی صورت حال سے نمٹنے کیلئے ڈینگی کائونٹرز بحال کر دئیے گئے ہیں۔

ڈاکٹرز ، نرسز اور پیرا میڈکس کو ضروری تیاری کرا دی گئی ہے۔ بالخصوص نئے تعینات ہونے والے پوسٹ گریجویٹ ریزیڈنٹس اور ہائوس آفیسرز کی ڈینگی بخار کے مریضوں کے علاج معالجے کے حوالے سے خصوصی طبی تربیت کرائی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ہسپتال میں صفائی ستھرائی اور حفظان صحت کے اصولوں پر پابندی کے بارے سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنرل ہسپتال ڈینگی کے خلاف ہمیشہ ہراول دستے کا کردار ادا کرتا آیا ہے اور یہاں کے ڈاکٹرز اور عملے نے اپنی جانوں کی پروا نہ کرتے ہوئے شہریوں کو اس موذی مرض سے بچانے میں اپنا کردار ادا کیا ہے ۔

انہوں نے ڈاکٹرز کو ہدایت کی کہ وہ ڈینگی کے بچائو کے ایس اوپیز پر سختی سے عمل درآمد کرائیں تاکہ ہسپتال میں آنے والے مریضوں اور ان کے لواحقین کو کسی قسم کی دقت نہ ہو۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں