محکمہ صحت پنجاب میں اندھیر نگری اور چوپٹ راج ہے چیف جسٹس نوٹس لیں‘ڈاکٹر یاسمین راشد

پی ٹی آئی پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز میں ڈائریکٹر کے گریڈ 20 پر 17 سکیل کے افسر کی تعیناتی کی گئی

بدھ 25 اپریل 2018 16:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2018ء) پاکستان تحریک انصاف کی سینئر مرکزی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ پنجاب میں محکمہ صحت میں اندھیر نگری اور چوپٹ راج قائم ہے اور دیگر سرکاری اداروں کی طرح ہسپتالوں میں بھی جونئرز اور من پسند چمچوں کو نوازا جا رہا ہے ،تحریک انصاف اس کی شدید مذمت اور فوری کاروائی کا مطالبہ کرتی ہے،چیف جسٹس نے درست نوٹس لئے ہیں۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے لاہور جنرل ہسپتال میں ہونے والی بے ضابطگیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز میں ڈائریکٹر کی سکیل 20 کی آسامی پر 17ویں گریڈ کے ڈاکٹر کو لگا دیا گیا ہے جبکہ سرجری کے رجسٹرار کو خود ساختہ آسامی ایڈیشنل ڈائریکٹر ایمرجنسی تعینات کرنا بھی قواعدوضوابط کی خلاف ورزی ہے جس سے سینئر ڈاکٹرز میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور یہ سب کچھ لاہور جنرل ہسپتال کی انتظامیہ اور محکمہ صحت کا کیا دھرا ہے جس کو پوچھنے والا کوئی نہیں اور اسے اپنے سینئرز کی آشیر باد حاصل ہے ، انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں جعلی ادویات کی فروخت کی جا رہی ہے ، انتظامیہ ، محکمہ صحت اور ڈریپ نے مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے ،عام عوام اور غریب کا کوئی پرسان حال نہیں ،تحریک انصاف ایوانوں کے اندر اور باہر نا انصافیوں پر آواز بلند کرتی رہے گی تاکہ نام نہاد خادم اعلی کو آئینہ دکھایا جا سکے اور پنجاب میں ہونے والی بدعنوانیوں کا پردہ چاک ہو سکے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں