ترک واٹر اینڈ سیوریج ایڈمنسٹریشن کے 8رکنی وفدکی لاہور آمد

ترک حکومت نے پبلک ٹرانسپورٹ کے حوالے سے جو ہماری مدد کی ہے ہم اس کے شکر گزار ہیں‘خواجہ احمد حسان ترکی ہمیں سیوریج لائنوں کی روایتی کھدائی کی بجائے ٹنلنگ بورنگ کے شعبہ میں تکنیکی معاونت فراہم کرے ‘سید زاہد عزیز

منگل 24 اپریل 2018 21:16

ترک واٹر اینڈ سیوریج ایڈمنسٹریشن کے 8رکنی وفدکی لاہور آمد
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2018ء) ترکی کے استنبول واٹر اینڈ سیوریج ایڈمنسٹریشن کے 8رکنی وفد نے گذشتہ روز وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر خواجہ احمد حسان سے ملاقات کی۔ وفد کے اعزاز میں 90شاہراہ قائد اعظم پر شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ جس میں واسا لاہور ، فیصل آباد اورگوجرانوالہ کے منیجنگ ڈائریکٹرز بھی موجود تھے۔

خواجہ احمد حسان نے وفد کے شرکاء کی لاہور آمد پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہوں نے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ، اربن یونٹ اور واسا کے 35افراد کو ترکی میں جو ٹریننگ دی ہے وہ اُس کیلئے بے حد مشکور ہیں۔ خواجہ احمد حسان نے مزید کہا کہ ترک حکومت اور اس کے اداروں نے پبلک ٹرانسپورٹ کے حوالے سے جو ہماری مدد کی ہے ہم اس کے بھی بہت شکر گزار ہیں ۔

(جاری ہے)

اس موقعہ پر واسا لاہور کے منیجنگ ڈائریکٹر سید زاہد عزیز نے ترک ماہرین سے واٹر میٹرز کی سپیسی فکیشن ، پروکیورمنٹ اور سیوریج لائنوں کی کھدائی کے بارے میں بھی مدد طلب کی ۔

انہوں نے کہا کہ ترکی ہمیں سیوریج لائنوں کی روایتی کھدائی کی بجائے ٹنلنگ بورنگ کے شعبہ میں تکنیکی معاونت فراہم کرے تاکہ آبادی میں اضافہ اور دوسرے مسائل کے پیش نظر ایسے ترقیاتی کام بغیر کھدائی کے کم وقت اور مزید خوش اسلوبی سے سر انجام دئیے جا سکیں ۔ان معاملات پر سید زاہد عزیز نے واسا ہیڈ آفس میں بھی ترک وفد سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور مختلف منصوبوں کے علاوہ لاہور کی ثقافتی ڈاکومنٹری دکھائی ۔ترک وفد نے ڈاکومنٹری کی تعریف کرتے ہوئے سید زاہد عزیزکوہر قسم کی تکنیکی اور مالی معاونت کی یقین دہانی کرائی۔اس موقعہ پر ایم ڈی واسا لاہور سید زاہد عزیز نے کہا کہ ترکش وفد کو انکے 4روزہ دورے کے دوران لاہور کے تفریحی اور تاریخی مقامات کی سیر بھی کرائی جائے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں