تحریک انصاف کے جلسہ پر غیر معمولی اخراجات کا ا لیکشن کمیشن نوٹس لے ‘محمد مہدی

عمران خان نے خیبرپختونخواہ ،زرداری نے سندھ کو تباہ کردیا ، دونوں کا اتحاد ملک کا بیڑا غرق کردیگا

منگل 24 اپریل 2018 19:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2018ء) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی کوارڈی نیٹر محمد مہدی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے جلسہ پر غیر معمولی اخراجات کا ا لیکشن کمیشن نوٹس لے ،عام انتخاب سے قبل غیر معمولی ذرائع استعمال کرکے بڑے جلسے کا رجحان خطرناک ہے اور تمام تر کوشش کے باوجود عمران خان کا29اپریل کاجلسہ ناکام ہوگا ۔ اپنے جاری کردہ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران خان اور آصف علی زرداری کا اتحاد ملک کا بیڑا غرق کردے گا ،عمران خان نے خیبرپختون خواہ اور آصف زرداری نے سندھ کو تباہ کردیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) عوامی خدمت کے باعث آج ملک کی سب سے بڑی اور مقبول ترین جماعت ہے،سیاسی مخالفین جان چکے ہیں کہ انہوں نے اپنے صوبوں میں عوام کا وقت ضائع کیا ہے اور اب یہ عناصر عوام کے پاس کس منہ سے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ عمران خان کا دورہ لاہور بری طرح ناکام ہوا ، ہماری حکومت عوام کے سامنے سرخرو ہے اور عام انتخابات میں سر فخر سے بلند کرکے عوام کے پاس جائیں گے،عمران خان کے قول وفعل میں تضاد ہے وہ کہتے ہیں کچھ ہیں اور کرتے کچھ ہیں ،ترقیاتی منصوبوں کی مخالفت دراصل عوام دشمنی ہے، دھرنوں کے ذریعے ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر کا باعث بننے والوں کو عوام سے کوئی سروکار نہیں، ان عناصر نے منفی سیاست کے ذریعے عوام کی مشکلات بڑھائی ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں