نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے دوسرے یونٹ نے بھی آزمائشی بنیاد پر بجلی کی پیداوار شروع کردی

منصوبے کا دوسرا یونٹ اس وقت اپنی پوری استعداد کے مطابق 242میگاواٹ بجلی پیدا کررہا ہے ،دوسرے یونٹ سے پیدا ہونے والی بجلی ترسیلی لائن کے ذریعے نیشنل گرڈ کو مہیا کی جارہی ہے ‘ترجمان واپڈا

منگل 24 اپریل 2018 19:07

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2018ء) نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے دوسرے یونٹ نے بھی آزمائشی بنیاد پر اپنی پوری استعداد کے مطابق بجلی کی پیداوار شروع کردی ہے۔ دوسرا یونٹ اِس وقت پوری صلاحیت کے مطابق 242میگاواٹ بجلی پیدا کر رہا ہے اور یہ بجلی نیشنل گرڈ کو مہیا کی جارہی ہے۔یاد رہے کہ نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے پہلے یونٹ نے 9اپریل کو بجلی کی پیداوار کا آغاز کیا تھا جبکہ 13اپریل کو منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کیا گیا تھا۔

پہلے اور دوسرے یونٹ کو آزمائشی بنیاد پر مختلف لوڈ پر چلایا جارہا ہے ۔ اس دوران نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سے تقریبا 10لاکھ یونٹ بجلی نیشنل گرڈ کو مہیا کی جاچکی ہے ۔ منصوبے کے دونوں یونٹ بہت جلد اپنے کمرشل آپریشن کا آغاز کردیں گے۔

(جاری ہے)

نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ آزاد کشمیر میں مظفر آبادکے نواح میں تعمیر کیا گیا ہے۔ منصوبے کی مجموعی پیداواری صلاحیت 969میگاواٹ ہے۔

اس کے چار پیداواری یونٹ ہیں ، جن میں سے ہر ایک کی پیداواری صلاحیت 242اعشاریہ 25میگاواٹ ہے۔ منصوبے کے چاروں یونٹس کی تکمیل اس سال جولائی تک متوقع ہے۔نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ انجینئرنگ کا شاہکار ہے ۔ اس کا 90فیصد حصہ بلند و بالا پہاڑوں کے نیچے زیر زمین تعمیر کیا گیا ہے ۔ منصوبہ اپنی تکمیل پر ہر سال نیشنل گرڈ کو تقریبا 5ارب یونٹ سستی پن بجلی مہیا کرے گا ۔ منصوبے سے سالانہ تقریبا 55ارب روپے کی آمدنی ہوگی۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں