سستے رمضان بازار سبسڈی ہڑپ کرنے کا حربہ ہیں‘بشارت جسپال

حکومت دودھ، دہی ،پھل، سبزیوں اور گوشت کی سرکاری قیمتوں پر فروخت یقینی بنائے

منگل 24 اپریل 2018 17:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2018ء) پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدر بشارت جسپال نے کہا ہے کہ سستے رمضان بازار سبسڈی کے اربوں روپے ہڑپ کرنے کا ایک حربہ ہیں، عوام کو سستی اشیائے خورونوش کی فراہمی کے نام پر 10سال سے پنجاب کے خزانے کو لوٹا گیا، سستے رمضان بازاروں کا آڈٹ کروایا جائے تو ہر بازار سے ایک احد چیمہ برآمد ہو گا، 50فیصد غریب آبادی کیلئے 3سو سستے بازار اور 32 ماڈل بازار لگانے کے اعلانات مذاق ہیں، خالص اور سستی اشیائے خورونوش ہر شہری کا بنیادی حق ہے، پنجاب حکومت ذخیرہ اندوزی، چور بازاری، مہنگائی روکنے میں مکمل طور پر ناکام رہی، سبسڈی دینے کی بجائے حکومت اپنی اعلان کردہ سرکاری قیمتوں پر اشیائے خورونوش کی فروخت یقینی بنا دے تو پنجاب کا ہر شہری مستفید ہو گا، سستے آٹے کی فراہمی کیلئے فلور ملوں کا سستی گندم فراہم کی جائے۔

(جاری ہے)

وہ گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں سے بات چیت کررہے تھے، بشارت جسپال نے کہا کہ سرکاری اور بازاری قیمتوں میں 20 سے 25 فیصد کا فرق ہے، شہباز حکومت یہ فرق ختم کر دے تو عوام کو بڑا ریلیف ملے گا، انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے گوداموں میں پچھلے سال کی گندم گل سڑ رہی ہے اور گندم کی نئی فصل بھی آگئی، حکمرانوں کے دلوں میں عوام کیلئے کوئی درد ہے تو وہ سستی گندم فلور ملوں کو فراہم کریں، انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروں کی سبسڈی کا بڑا حصہ انتظامات اور بازاروں کی تزئین و آرائش کی نظر ہو جاتا ہے، سستے بازاروں کی آڑ میں ہر سال حکمران جماعت کے مقامی عہدیداروں کی دہاڑیاں لگوائی جاتی ہیں۔

گزشتہ دس سال کی تاریخ گواہ ہے عام آدمی کو سستے بازاروں میں کوئی ریلیف نہیں ملا، حکومت دودھ، دہی ،پھل، سبزیوں اور گوشت کی سرکاری قیمتوں پر فروخت یقینی بنائے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں