مسلم لیگ(ن) آئندہ عام انتخابات میں پورے ملک میں حکومت بنائے گی،ساجدہ وسیم

منگل 24 اپریل 2018 15:50

لاہور۔24 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2018ء) مسلم لیگ(ن) خواتین یوتھ ونگ کی جنرل سیکرٹری ساجدہ وسیم ملک نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) آئند ہ عام انتخابات میں پنجاب سمیت پورے ملک میں حکومت بنائیگی، دھرنے والے اور انقلاب والے پھر سڑکوں پر ہی نظر آئیں گے، عوام کے مسائل حل کرنے والے ہی لوگ اصل اقتدار کے حقدار ہیں، انتشار اور افراتفری پھیلانے والے اپنے منفی عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہونگے، انہوں نے مزید کہا پنجاب سمیت پاکستان بھر میں مسلم لیگ(ن) حکومت بنائیگی، عوام جانتے ہیں کہ کس نے دن رات ان کی خدمت میں صرف کئے اور کون جھوٹ بولتا رہا، ہم نے سڑکیں اور میٹروہی نہیں بلکہ صوبہ بھر میں سکول، کالج، ہسپتال بھی بنانے کے ریکارڈ قائم کئے ہیں، زرداری او رنیازی کے اکٹھے ہونے کا مقصدعوام کی خدمت نہیں اقتدار کی کرسی ہے، عوام کے حالات میں مثبت اور خوشگوار تبدیلی ہم لا رہے ہیں، پنجاب میں میگا پراجیکٹ سے ترقیاتی انقلاب پاکستان مسلم لیگ(ن) کا اعزاز ہے، عوام کی ترقی و خوشحالی کے مخالف یہ لوگ مسلم لیگ (ن) کی مقبولیت سے خوف زدہ ہیں، پاکستان کے باشعور عوام منفی سیاست کے علمبرداروں کو آئندہ انتخابات میں کسی صورت ووٹ نہیں دیں گے کیونکہ نیازی صاحب نے سیاست میں گالم گلوچ اور ناشائستگی کے کلچر کو پروان چڑھایا ہے اور اپنے صوبے میں بدترین کارکردگی دکھانے والے صرف جھوٹ کی سیاست کر رہے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں