طلبہ کی صلاحیتوں سے استفادہ کرکے جلدپاکستان ترقی یافتہ ممالک میں شامل ہوگا‘ سید رضا علی گیلانی

پاکستان نے ہمیں بہت کچھ دیا ہے جس کی ترقی کیلئے ہمیں اپنی پیشہ ورانہ مہارتوں کا بھرپور استعمال کرنے کی ضرورت ہے پاکستان میں انگریزی میڈیم والے طلبائو طالبات کو اردو میڈیم والے طلبائو طالبات پر ترجیح دی جاتی ہے احساس کمتری کو ختم کرنے کے لئے ہمیں مل کر کام کرنا ہوگا‘تقریب سے خطاب

پیر 23 اپریل 2018 17:22

طلبہ کی صلاحیتوں سے استفادہ کرکے جلدپاکستان ترقی یافتہ ممالک میں شامل ہوگا‘ سید رضا علی گیلانی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2018ء) وزیر برائے ہائر ایجوکیشن پنجاب سید رضا علی گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستانی نوجوان طلبائو طالبات میں بے پناہ صلاحیتیں ہیںجن کی درست رہنمائی سے ملک کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کیا جاسکتا ہے ، حکومت پنجاب نے تعلیم کے فروغ کیلئے کئی اقدامات اٹھائے ہیں جن کے نتائج جلد نظر آئیں گے۔

وہ پنجاب یونیورسٹی فیصل آڈیٹوریم میں پنجاب ہائیر ایجوکیشن،دی ایجوکیشنسٹ، جا معہ پنجاب ، ادارہ تعلیم وتحقیق ، لاہور کالج فار وومن یونیورسٹی اور نیب کے اشتراک سے منعقدہ دوسرے پانچ روزہ آل پاکستان ہم نصابی مقابلہ جات 2018 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔تقریب میں ڈائریکٹر جنرل پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر شاہد سرویہ، ڈین آف سائنس پروفیسر ڈاکٹر شاہد کمال، ڈین فیکلٹی آف آرٹس اینڈ ہیومینٹیز پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چائولہ ، رجسٹرار ڈاکٹر محمد خالد خان، ایڈیٹر انچیف پروفیسر ڈاکٹر شفیق جالندھری ،ایگزیکٹیو ڈایڈیٹر ڈاکٹر مجاہد علی منصوری ، ڈائریکٹر ادارہ تعلیم و تحقیق ڈاکٹر رفاقت علی اکبر، انچارج ادارہ علوم ابلاغیات ڈاکٹر نوشینہ سلیم، ڈی جی لیسکو طارق واحد خان،ایڈیٹر دی ایجوکیشنسٹ شبیر سرور، فیکلٹی ممبران اور پاکستان بھر کے مختلف تعلیمی اداروں سے بڑی تعداد میں طلبائو طالبات نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اپنے خطاب میں سید رضا علی گیلانی نے کہا کہ پاکستان کا المیہ ہے کہ انگریزی میڈیم والے طلبائو طالبات کو اردو میڈیم والے طلبائو طالبات پر ترجیح دی جاتی ہے اس احساس کمتری کو ختم کرنے کے لئے ہمیں مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم اسلام کے اصولوں کے مطابق زندگی بسر کریںگے تو مغرب والے بھی ہمارے پیروکار بن جائیںگے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیں بہت کچھ دیا ہے جس کی ترقی کیلئے ہمیں اپنی پیشہ ورانہ مہارتوں کا بھرپور استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے طلبہ کی پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کیلئے منعقد کی گئی بہترین تقریب پرمنتظمین کا شکریہ ادا کیا ۔ ڈاکٹر شفیق جالندھری نے کہا کہ دہشت گردی اور گھٹن کے اس ماحول میں ایسی سرگرمیوں کا انعقاد خوش آئند ہے ۔ ایسی تقاریب سے نہ صرف طلبائو طالبات کی مثبت سوچ اور تخلیقی صلاحیتیں پروان چڑھتی ہیں بلکہ سیکھنے کاشوق اور مقابلوں کے رجحان کوبھی فروغ ملتا ہے۔

مجاہد علی منصوری نے کہا کہ بہترین منظم تقریب کی کامیابی کا سہرا دی ایجوکیشنسٹ کے ایڈیٹر شبیر سرور اور معاون اداروں کو جاتا ہے جنہوںنے رائزنگ سوسائٹی کواپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کیلئے پلیٹ فارم مہیا کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں ایسی تقاریب کے انعقاد سے نا امیدی کا خاتمہ ہوتا ہے۔پروگرام کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے شبیر سرورنے کہا کہ 23تا 27اپریل تک منعقد ہونے والے 14ہم نصابی مقابلہ جات میں پنجاب سے 920،سندھ 15، پختونخواہ11، بلوچستان 18اور کشمیر سی5ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔

یہ مقابلہ جات قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے منعقد ہو رہے ہیں تاکہ مختلف صوبوں اور شہروں کے طلباء کو ایک جگہ اکھٹا کر کے بات چیت کے مواقع فراہم کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ ان مقابلہ جات میں قرا ت، نعت، اردو انگریزی پنجابی مباحثے،فوٹوگرافی،مضمون نویسی، شاعری،پینٹنگ، ملی نغمے اور تھیٹر ڈرامے شامل ہیں۔ افتتاحی تقریب میں پاکستان بھر سے آئے ہوئے طلباء کے وفودکی جانب سے مارچ پاسٹ کیا گیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں