پاکستان کو درپیش سب سے بڑا چیلنج ہیپاٹائٹس کا بڑھتا ہوا مرض او ربچوں میں غذائی قلت ہے ،خواجہ عمران نذیر

اتوار 22 اپریل 2018 18:10

لاہور۔22 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2018ء) صوبائی وزیرپرائمر ی اینڈ سکینڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر نے کہاہے کہ پاکستان کو درپیش سب سے بڑا چیلنج ہیپاٹائٹس بی اور سی کا تیزی سے بڑھتا ہوا مرض اور بچوںو حاملہ خواتین میں غذائیت کی کمی ہے۔ انہو ںنے کہاکہ غذائیت کی کمی کی وجہ سے بچے پستہ قد کا شکار ہیں اگر اس مسئلے پر قابو پانے کیلئے چاروں صوبائی حکومتوں نے سنجیدگی کے ساتھ مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرتے ہوئے موثر اقدامات نہ کئے توآنے والے دنوں میں صورتحال مزید سنگین ہوجائے گی۔

انہو ںنے کہاکہ صرف صوبہ پنجاب کی کوششو ںسے ہیپاٹائٹس کا خاتمہ ممکن نہیں۔ انہو ںنے یہ بات مقامی ہوٹل میں پنجاب ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام کی زیر انتظام صوبہ بھر میں قائم کئے گئے ہیپاٹائٹس کلینک پر تعینات مرد وخواتین میڈیکل آفیسرز کے چوتھے ماہانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پنجاب ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام کی پراونشل ڈائریکٹر ڈاکٹر زاہدہ سرور ، ڈپٹی پروگرام مینجر ڈاکٹر شعبان اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

ڈاکٹر زاہدہ سرور نے بتایاکہ محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ نے اب تک 109 ہیپاٹائٹس کلینک قائم کردیئے ہیں جہاں مریضوں کو تشخیص اور علاج کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں ۔ انہو ںنے کہاکہ 3 لاکھ سے زائد مریضوں کی سکرینگ کی گئی اور 80 ہزار کو مفت علاج کے لئے رجسٹرڈ کیاگیاہے۔ ڈاکٹر زاہدہ سرور کا کہنا تھا کہ پروگرام اپنے مقررہ ہدف سے آگے ہے اور روزانہ کی بنیاد پر ہیپاٹائٹس کے 1500 پی سی آر ٹیسٹ کئے جارہے ہیں - چند دن کے اندر ان ٹیسٹوں کی تعداد 2500 ہوجائے گی۔

انہو ںنے بتایاکہ ہسپتالوںمیں انفیکشن کنٹرول کے لئے بھی عملی اقدامات جاری ہیں‘ ڈاکٹر زاہدہ سرور نے ہیپاٹائٹس کنٹرول کی فیلڈ فارمیشن میں خدمات انجام دینے والے ڈاکٹرز کی فرض شناسی کو سراہا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرصحت خواجہ عمران نذیر نے کہاکہ ہیپاٹائٹس کی روک تھام اور بچوں و خواتین میں غذائیت کی کمی کے مسئلے پر قابو پانے کیلئے پنجاب میں دور رس نتائج کے حامل اقدامات کئے گئے ہیں -خواجہ عمران نذیر کا کہنا تھا کہ وزیراعلی پنجاب محمدشہبازشریف نے صحت کے شعبے کی ترقی اور عوام کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کیلئے خصوصی توجہ دی ہے اور گذشتہ 2 سال کے دوران 20 سال کا کام ہوا ہے۔

وزیر صحت نے ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام کے ڈاکٹرز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ یہ ڈاکٹر ہی ہیں جو لوگو ںکی جانیں بچاتے ہیں اور موذی مرض کے علاج کے دوران اپنی صحت کی بھی پرواہ نہیں کرتے - انہو ں نے کہاکہ محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ نے بہت کم بجٹ سے صوبہ بھر میں ہیپاٹائٹس کلینک قائم کئے ہیں جن کی کارکردگی مثالی ہے -خواجہ عمران نذیر نے کہاکہ 2030ء تک ہیپاٹائٹس کا خاتمہ پنجاب حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے تاہم اس کیلئے مشترکہ کوششوں کی ضرور ت ہے کوئی ایک صوبہ تنہا اتنے بڑے چیلنج سے نہیں نمٹ سکتا - انہو ںنے افسران اور ڈاکٹرز کو کہاکہ وہ اپنے فرائض دکھی انسانیت کی خدمت کے جذبے کے تحت سرانجام دیں اور مریضوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں جو ڈاکٹر ی پیشہ کا اصل حسن ہے -خواجہ عمران نذیر نے ڈاکٹرز کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں