پاکستان سمیت دنیا بھر میں ورلڈ ارتھ ڈے منایاگیا

اتوار 22 اپریل 2018 17:20

لاہور۔22 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2018ء) پاکستان سمیت دنیا بھر میں اتوار کے روز ورلڈ ارتھ ڈے منایاگیا ،اس دن کی مناسبت سے صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت صوبہ کے بڑے اضلاع میں خصوصی تقریبات اور آ گا ہی واکس کا اہتما م کیا گیا تاکہ عوام میں ماحول سے آگاہی اور ذمہ دار رویوں کو فروغ دیا جا سکے،اس موقع پر مختلف تنظیموں کی طرف سے تقریبات میں ماحولیات کی حفاظت کے عزم کا بھی اظہار کیاگیا ۔

مختلف تقریبات میں مقررین کا کہنا تھا کہ گرین جنریشن کے تحت لوگوں کی مشترکہ محنت سے صحت ، تعلیم ، فضاء اور آبی ذرائع کے مسائل میں بہتری لائی جاتی ہے، عوام ملکی و بین الاقوامی ماحولیاتی مسائل کے حل کیلئے عالمی یوم الارض پر ماحول کو صاف ستھرا اور فضاء کو صحت بخش و خوشگوار رکھنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ عالمی یوم الارض ہر سال 22اپریل کو منایا جا تا ہے تاکہ عوام میں زمین کے قدرتی ماحول کے بارے میں شعور بیدارکیا جا سکے اور نئی نسل کو ما حو ل کو صحت مند بنا نے کی تر غیب ملے ‘ یہ دن پہلی بار 1970 میں منایا گیا تھا اور اب ہر سال ارتھ ڈے نیٹ ورک کے زیرِ اہتمام 192 سے زائد ممالک میں اسے منایا جاتا ہے‘1969 میں فرانسیسکو میں منعقدہ یونیسکو کانفرنس میں امن کے علمبردار جان مک کونل نے زمین کے احترام اور امن کا تصور اجاگر کرنے کی غرض سے ایک دن منانے کا خیال پیش کیا اور 21 مارچ 1970 (شمالی ہمپشائر میں بہار کے پہلے دن) کی تاریخ تجویز کی۔

بعد ازاں مک کونل نے اس تجویز کو ایک اعلان نامے کی صورت میں تحریر کیا جس پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اوتھاں نے دستخط کیے‘ایک ماہ بعد ریاست ہائے متحدہ کے سینیٹر گیلارڈ نیلسن نے ماحولیاتی تعلیم کی غرض سے ایک علاحدہ یومِ ارض کی بنیاد رکھی جو 22 اپریل 1970 کو منایا گیا۔ 1990 میں اس تنظیم کا دائرہ کار عالمی پیمانے پر پھیل گیا اور 141 ممالک میں اس دن کو منانے کا اہتمام کیا گیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں