کراچی میں بجلی کی فراہمی کی صورتحال بہتر بنائی جائے، وزیر اعلی شہباز شریف کی وزیر اعظم سے اپیل

عوام کی پریشانی کو مد نظر رکھتے ہوئے کراچی میں بجلی کی فراہمی کی صورتحال بہتر بنانے کی فوری ضرورت ہے کراچی کے عوام کے لئے رمضان المبارک میں زیر ولوڈشیڈنگ اور بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنائے جائے وزیر اعظم حکومت سندھ اور اس کے ذیلی اداروں کی طرف واجب الا دا بلو ں کی ادائیگی کے لئے اپنا کردار ادا کریں لوڈشیڈنگ کے دوران عوام کی تکلیف کا احساس کیا جانا چاہیے اور اس معاملے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے وزیر اعظم کے الیکٹرک اور دیگر اداروں کو کراچی میں لوڈشیڈنگ کے خاتمے کی ہدایت کریں: شہباز شریف کی درخواست

ہفتہ 21 اپریل 2018 22:00

کراچی میں بجلی کی فراہمی کی صورتحال بہتر بنائی جائے، وزیر اعلی شہباز شریف کی وزیر اعظم سے اپیل
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2018ء) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے وزیر اعظم پاکستان سے سندھ بالخصوص کراچی میں بجلی کی فراہمی کی صورتحال بہتر بنانے کے لئے فوری اقدامات کی اپیل کی ہے - وزیر اعلی نے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے اس ضمن میں فوری مداخلت کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری اداروں کے معاملات اور اربوں کے واجبات کا معاملہ اپنی جگہ اہمیت کا حامل ہے لیکن عوام کی تکلیف اور پریشانی کو مد نظر رکھتے ہوئے کراچی میں بجلی کی فراہمی کی صورتحال بہتر بنانے کی فوری ضرورت ہے - رمضان المبارک کی آمد آمد ہے ، اس مبارک مہینے میں بجلی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے - وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے کہاکہ میں وزیر اعظم پاکستان سے اپیل کرتا ہوں کہ کراچی کے عوام کے لئے عام دنوں کے ساتھ ساتھ رمضان المبارک میں زیر و لوڈشیڈنگ کی پالیسی اپنائی جائے اور رمضان المبارک میں بالخصوص بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے - وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے کہا کہ وزیر اعظم حکومت سندھ اور اس کے ذیلی اداروں کی طرف واجب الادا بلوں کی ادائیگی کے لئے اپنا کردار ادا کریں لیکن میری درخواست ہے کہ لوڈ شیڈنگ کے دوران عوام کی تکلیف کا احساس کیا جانا چاہیے اور اس معاملے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائی- وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے کہا کہ جناب وزیر اعظم پاکستان کے الیکٹرک اور بجلی فراہمی کے ذمہ داروں کو کراچی میں بجلی کی فراہمی کی صورتحال بہتر بنانے کی ہدایت کریں تا کہ پاکستان کے سب سے بڑے صنعتی شہر اور معاشی ہب کراچی کے شہریوں کو سکھ کا سانس نصیب ہو -

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں