محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ نے حاملہ خواتین کیلئے رورل ایمبولینس سروس کیلئے ایمبولینسز خرید ی ہیں ،افسران کیلئے گاڑیاں نہیں خریدی گئیں ، ترجمان

ہفتہ 21 اپریل 2018 21:07

لاہور۔21 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2018ء) محکمہ پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کئیر کے ترجمان نے کہاہے کہ ماں بچے کی صحت کے پروگرام کے تحت محکمہ نے 427 سوزوکی بولان ایمبولنسیں خریدی جو کہ 7/24 بنیادی مراکز صحت پر فراہم کی گئیں۔ ان ایمبولنسوں کے ذریعے دیہی علاقہ جات کی حاملہ خواتین کو مفت سفری سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔ اب تک ڈھائی لاکھ خواتین اس سہولت سے مستفید ہو چکی ہیں۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ محکمہ نے پچاس سنگل کیبن ہائیلکس ایمبولنسیں بھی خریدی ہیں جو کہ جلد پہاڑی و صحرائی علاقوں میں فراہم کر دی جائیں گی۔ ترجمان نے بعض اخبارات اور میڈیا چینلز پر چلنے والی خبروں کو بے بنیاد قرار دیا جس میں یہ الزام عائد کیاگیاہے کہ محکمہ نے مبینہ طور پر یہ گاڑیاں افسران کے استعمال کے لئے خریدی ہیں۔ یہ بالکل بے بنیاد بات اور صرف ایک الزام ہے۔ ایمبولنس سروس کے ذریعے روزانہ تقریباً 1800 حاملہ خواتین کو منتقل کیا جاتا ہے۔ محکمہ پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کئیر مکمل ایمانداری و یکسوئی کے ساتھ پنجاب کے عوام تک صحت کی تمام اہم اور بنیادی سہولیات بہم پہنچا رہا ہے اور اس بات کی یقین دہانی کرتا ہے کہ کسی بھی اہم سروس یا سپلائی میں کوئی کمی نہ آئے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں