حکومتی پالیسیوں سے آئی سی یو میں پڑی معیشت کی سانسیں بحال ہو ئی ہیں‘ (ن) لیگ ٹریڈرز ونگ

ہفتہ 21 اپریل 2018 16:03

حکومتی پالیسیوں سے آئی سی یو میں پڑی معیشت کی سانسیں بحال ہو ئی ہیں‘ (ن) لیگ ٹریڈرز ونگ
لاہور۔21 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2018ء) مسلم لیگ (ن) ٹریڈرز ونگ لاہور کے سینئر نائب صدر میاں عثمان نے کہا ہے کہ حکومت کی قلیل اور طویل المدت پالیسیوں کی وجہ سے آئی سی یو میں پڑی معیشت کی سانسیں بحال ہو ئی ہیں ،حکومت نے کاروبار دوست ماحول کو فروغ دینے کیلئے عملی طور پر اقدامات اٹھائے ہیں ،آئندہ بجٹ میں تاجروں پر کوئی اضافی بوجھ نہیں ڈالا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں مختلف تجارتی مراکز کے نمائندہ وفود سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر تاجروں نے آئندہ عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی بھرپور حمایت اور سپورٹ کا اعلان کیا ۔ میاں عثمان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ترقی کی ضامن جماعت ہے اور یہی وجہ ہے کہ دیرینہ دوست چین نے پاکستان میں 46ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ۔

(جاری ہے)

سی پیک منصوبے نے پاکستان کی ترقی کی مضبوط بنیاد ڈال دی ہے اور وہ وقت دور نہیں جب پاکستان ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں شامل ہوگا ۔ انہوںنے کہا کہ موجودہ حکومت نے تاجروں کے مسائل سے آگاہی اور انہیں حل کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے ہیںاور خدمت کایہ سفر انشا اللہ آئندہ بھی جاری و ساری رہے گا ۔ تاجروں نے ہر دور میں نا مساعد حالات کے باوجود ٹیکسز کی ادائیگی کر کے ملکی معیشت میں اپنے کلیدی کردار کو ثابت کیا ہے جو قابل تحسین ہے۔ انہوں نے تاجروں کویقین دہانی کرائی کہ ان کے باقی ماندہ مسائل کو بھی جلد سے جلد حل کیا جائے گا اور آئندہ بجٹ میں ان کی توقعات کے مطابق ریلیف ملے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں