مقامی صنعتوں کا تحفظ ،غیرملکی سرمایہ کاروں کی اعتماد سازی اوّلین ترجیحات میں سے ہے‘عائشہ غوث پاشا

ہفتہ 21 اپریل 2018 16:02

مقامی صنعتوں کا تحفظ ،غیرملکی سرمایہ کاروں کی اعتماد سازی اوّلین ترجیحات میں سے ہے‘عائشہ غوث پاشا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2018ء) صوبائی وزیر ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا اور لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید نے مشترکہ طور پر لاہور چیمبر کی نمائش ’’ذوق ہنر‘‘کا افتتاح کیا جس میں لاہور چیمبر کے ایگزیکٹو کمیٹی اراکین بھی شریک تھے۔ نمائش میں ٹیکسٹائل ، قیمتی و نیم قیمتی پتھروں، آٹوموبیل، موٹربائیک اور زراعت سمیت دیگر شعبوں کے چھیاسٹھ سے زائد سٹالز لگائے گئے تھے۔

ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے نمائش کے انعقاد اور تجارتی و معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے لاہور چیمبر کے اقدامات کی تعریف کی۔ معاشی صورتحال کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے حکومت پرخلوص کوششیں کررہی ہے، مقامی صنعتوں کا تحفظ اور غیرملکی سرمایہ کاروں کی اعتماد سازی حکومت کی اوّلین ترجیحات میں سے ہے۔

(جاری ہے)

لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید نے کہا کہ نمائشوں کا مطلب ملک کے لیے کاروبار ہے لہذا لاہور چیمبر اس جانب خصوصی توجہ دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑے پیمانے پر غیرملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے دنیا کو یہ بتانا ضروری ہے کہ پاکستان میں معاشی تبدیلیو ں نے سرمایہ کاروں کے لیے بڑے مواقع پیدا کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میکرواکنامک استحکام پاکستانی صنعتوں کو مستحکم اور مصنوعات کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

لاہور چیمبر کے صدر نے موجودہ ٹیکس دہندگان پر سے بوجھ کم اور ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کے لیے اقدامات کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ ملک طاہر جاوید نے مزید کہا کہ پنجاب معاشی حوالے سے ملک کا اہم صوبہ ہے، پنجاب حکومت نے صنعتوں کے لیے جو اصلاحات متعارف کرائی ہیں ان کے اچھے نتائج برآمد ہونگے، یہ سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔ بعد ازاں ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا اور لاہور چیمبر کے صدر نے سٹالز کا دورہ کیا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں