پاکستان مسلم لیگ (ن) کراچی سمیت ملک بھر میں ترقی و خوشحالی کا انقلاب لائے گی،

کراچی کے عوام کے مسائل کے حل کیلئے ہرممکن تعاون کریں گے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی میئر کراچی وسیم اختر سے گفتگو

جمعہ 20 اپریل 2018 22:04

پاکستان مسلم لیگ (ن) کراچی سمیت ملک بھر میں ترقی و خوشحالی کا انقلاب لائے گی،
لاہور۔20 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کراچی سمیت ملک بھر میں ترقی و خوشحالی کا انقلاب لائے گی، کراچی کے عوام کے مسائل کے حل کیلئے ہرممکن تعاون کریں گے، میئر کراچی وسیم اختر سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا کہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے، کراچی کیلئے جو ممکن ہو سکا ضرور کریں گے، کراچی کے حالیہ دورے کے دوران شہر کی ناگفتہ بہ حالت دیکھ کر دل خون کے آنسو رو رہا ہے، پاکستان کے سب سے بڑے شہر کو مسائل کے سپرد کرنا انتہائی افسوسناک اور تکلیف دہ امر ہے، شہبازشریف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے موقع دیا اور عوام نے اگلے انتخابات میں خدمت کا موقع دیا تو کراچی سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں انفراسٹرکچر تعمیر کریں گے اور کراچی کو عروس البلاد بنائیں گے جہاں کوڑا کرکٹ نہیں رنگا رنگ پھول کھلیں گے، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام کی خدمت کے عزم پر عمل پیرا ہے، انرجی بحران کے خاتمے کے وعدے پورے کئے، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے بھرپور کاوشیں کیں جن کے نتائج معاشی نمو میں بہتری کی صورت میں برآمد ہو رہے ہیں، کراچی میں امن و امان پاکستان مسلم لیگ (ن) کی کمٹمنٹ کا نتیجہ ہے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ وسیم بھائی آئیں ملکر کراچی کو بنائیں،کراچی کیلئے بغیر کسی لالچ کے کراچی والوں کی خدمت کرنے کیلئے حاضر ہیں، انہوںنے کہا کہ تعلیم صحت جس شعبے میں بھی ضرورت ہوگی ہم مدد کیلئے تیار ہیں، میئر کراچی وسیم اختر نے لاہور میں حکومت پنجاب کی طرف سے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے پائیدار اقدامات پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے جو کچھ کرلیا کراچی والوں کو اس مقام پر پہنچنے کیلئے کئی سال درکار ہوںگے، لاہور کے ہسپتال حسن انتظام کا شاندار نمونہ ہے، انہوںنے کہا کہ لاہور والے خوش نصیب ہیں جنہیں شہبازشریف جیسا وزیراعلیٰ ملا، مناواں ہسپتال،ہارٹی کلچر ،گریٹر اقبال پارک غرض کے لاہور ہر گوشہ حسین ہیں،کراچی میں ترقی کیلئے لاہورماڈل اپنائیںگے، انہوںنے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے تعلیم، صحت اور انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے قابل قدر خدمات سرانجام دیں، ملاقات میں لارڈ میئر لاہورمبشرجاوید،صوبائی وزراء رانا مشہود احمد،خواجہ سلمان رفیق اوردیگر حکام بھی موجود تھے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں