رچنا ٹائون سب ڈویثرن میں لیسکو کے عملے پر حملہ کرنے والے تین افراد گرفتار‘ترجمان لیسکو

جمعہ 20 اپریل 2018 22:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2018ء) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے عملے پر حملہ کرکے انہیں زخمی کرنے والے افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔دو ماہ قبل فیروز والہ ڈویژن کی رچنا ٹائون سب ڈویژن کے گائوں چک 43میںبجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مذکورہ علاقے کی بجلی کی مین سپلائی لائن کاٹ دی گئی تھی۔

جس پر ذکاء اللہ چڈھر نے اپنے 20سے زائد ساتھیوں کے ہمراہ لیسکو کے سب ڈویژن دفتر پر حملہ کرکے ایکسئین اور ایس ڈی او سمیت دفتر کے عملے پر تشدد کیا ، دفتر کی املاک کو نقصان پہنچایا اور ہوائی فائرنگ بھی کی۔ایس ڈی او رچنا ٹاون کی درخواست پر کارروائی عمل میں لاتے ہوئے پولیس نے 9 نامزد جبکہ 20نامعلوم افراد کی خلاف ایف آئی آر درج کرلی ہے جبکہ 3افراد کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق تقریباً 250گھروں پر مشتمل اس گائوں میں صرف 35میٹرز لگے ہوئے تھے باقی گھروں میں ڈائریکٹ سپلائی کے ذریعے بجلی چوری کی جارہی تھی۔ جبکہ73ڈیڈ ڈیفالٹرز کے ذمے 35لاکھ روپے کی رقم واجب الادا ہے جبکہ چار لاکھ روپے کی رقم 19رننگ ڈیفالٹرز کے ذمے واجب الادا ہے۔چک 43کے رہائشی گزشتہ 5سال سے بجلی نادہندہ ہیں اور متعدد بار کارروائی اور ایف آئی آر بھی درج کروائی گئی ہیں ۔

لیسکو ترجمان کے مطابق گائوں چک43میں بجلی چور ی کی بے انتہا شکایات موصول ہوئی ہیں جس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ گائوں کو بجلی دینے والی مین لائن کاٹ دی جائے۔لیسکو حکام کے مطابق مذکورہ گاوں کے ذمے واجب الادا ڈٹیکشن بلز اور واجبات ادا ہونے پر ہی بجلی بحال کی جائے گی مگر اہل علاقہ نے اب تک کوئی بھی ادائیگی نہیں کی۔ لیسکو کے ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق چیف ایگزیکٹو مجاہد پرویز چٹھہ نے تمام افسران کو ہدایات جاری کی ہیں کہ لیسکو کے تمام سرکلز میں نادہندگان سے بقایا جات کی وصولی کوہر صورت یقینی بنایا جائے اور ان کے خلاف بلاتفریق کارروائی کی جائے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں