عظیم فلسفی شاعر، مفکر پاکستان علامہ محمد اقبالؒ کا80واں یوم وفات کل انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا

پاکستان مسلم لیگ ، نظریہ پاکستان فائونڈیشن ، مرکزیہ مجلس اقبال ، تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ اور دیگر اداروں کے زیر اہتمام خصوصی تقریبات، تقریری مقابلوں ، سیمینارز، مذاکروں ، مباحثوں، مشاعروں اور دیگر پروگرامات کا انعقاد کیا جائیگا مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہو گی ‘گورنر پنجاب رفیق رجوانہ ‘وزیر اعلیٰ شہبازشریف ‘چیف سیکرٹری پنجاب اور پاک فوج کے اعلیٰ افسران مزار اقبال پر حاضری دیں گے ، پھولوں کی چادر یں چڑھائیں اور فاتحہ خوانی کریں گے

جمعہ 20 اپریل 2018 16:49

عظیم فلسفی شاعر، مفکر پاکستان علامہ محمد اقبالؒ کا80واں یوم وفات کل انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا
سیالکوٹ/لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 اپریل2018ء) عظیم فلسفی شاعر ، مفکر پاکستان ، حکیم الامت ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ جو 21 اپریل 1938ء کو داغ مفارقت دے گئے تھے کا 80 واں یوم وفات کل 21اپریل بروز ہفتہ کو ملک بھر میں انتہائی عقیدت و احترام اور قومی جذبے کے ساتھ منایا جائے گا۔ اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ ، نظریہ پاکستان فائونڈیشن ، مرکزیہ مجلس اقبال ، تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ اور دیگر اداروں کے زیر اہتمام خصوصی تقریبات، تقریری مقابلوں ، سیمینارز، مذاکروں ، مباحثوں، مشاعروں اور دیگر پروگرامات کا انعقاد کیا جائے گا جن میں حکیم الامت کی تحریک پاکستان اور دو قومی نظریہ سمیت ملک و قوم کیلئے خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی جائے گی جبکہ نوجوان نسل کو مفکر پاکستان کے نظریات وافکار اور ان کی سوچ و فلسفہ سے آگاہ کرنے کیلئے خصوصی ڈاکومینٹریز بھی پیش کی جائیں گی تاکہ مستقبل کے معماروں کو اپنے اسلاف کے کارناموں سے آگاہی حاصل ہو سکے۔

(جاری ہے)

صبح کا آغاز نماز فجر کے وقت وطن عزیز کی سلامتی، عوامی فلاح ، قومی خوشحالی ، پاکستان کی تعمیر و ترقی ، دہشت گردی و بد امنی کے خاتمہ ، اسلام کی سربلندی ، آئین و قانون کی بالا دستی ، فرقہ وارانہ ہم آہنگی ، اتحاد بین المسلمین کے فروغ ، غربت ، بے روز گاری ، مہنگائی،، قدرتی ا?فات سے نجات کی خصوصی دعائوں سے ہو گا۔ اس موقع پر محکمہ اوقاف کے زیر اہتمام صوبہ بھر کی تمام مساجد میں قرآن خوانی کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔

شاعر مشرق علامہ محمد اقبال ؒکے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب بھی منعقد ہو گی جبکہ گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ ،،وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف ،چیف سیکرٹری پنجاب اور پاک فوج کے اعلیٰ افسران مزار اقبال پر حاضری دیں گے ، پھولوں کی چادر یں چڑھائیں اور فاتحہ خوانی کریں گے۔ اس موقع پر اقبال اکیڈمی اور آرٹس کونسل کے اشتراک سے ادبی و ثقافتی کانفرنس کا اہتمام بھی کیا جائے گا جس میں اہم شخصیات شرکت کریں گی۔مذکورہ دن کی مناسبت سے تمام ٹی وی چینلز خصوصی پروگرامات نشر کریں گے جبکہ اخبارات بھی خصوصی ایڈیشنز شائع کریں گے جن میں مہد سے لحد تک مفکر پاکستان و شاعر مشرق کی خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی جائے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں