ووٹ کی عزت سے اقتدار میں آنے والے حکمرانوں نے ووٹرز اور ملک کو رسوا کیا ‘لیاقت بلوچ

متحدہ مجلس عمل ووٹر کی عزت بحال کرے گی ، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ نہ کیا جائے‘سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی

جمعرات 19 اپریل 2018 23:04

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2018ء) جماعت اسلامی پاکستان اور متحدہ مجلس عمل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ ووٹ کو عزت دو کا نعرہ ہر جانب سے بلند ہو رہاہے لیکن موجودہ اور سابقہ حکمرانوں نے ووٹ دینے والوں کو کوئی عزت و احترام نہیں دیا ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے منصورہ میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ہے ۔

لیاقت بلوچ نے کہاکہ متحدہ مجلس عمل سٹیٹس کو کا نعم البدل ہے ۔ عوام سے ووٹ لے کر اقتدار کے منصب پر براجمان حکمران طبقہ نے قوم کو رسوا کیا ۔ انہوںنے کہاکہ حکمرانوں کے بینک بیلنس ، جائیدادوں ، کاروبار میں بے تحاشا اضافہ ہواجبکہ مہنگائی ، بے روزگاری ، لاقانونیت ، پینے کے صاف پانی کی عدم فراہمی ، بجلی کی لوڈشیڈنگ محب وطن ووٹر زکے حصے میں آئی ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ متحدہ مجلس عمل ووٹ کے تقدس اور ووٹر کی عزت کوبحال کرائے گی ۔ انہوںنے کہاکہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے دعوے دار حکمرانوں کے تمام دعوے ہوا میںاڑ گئے ہیں سولہ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ سے عوام کی زندگی اجیرن ہو گئی ہے ۔ کراچی ملک کی معاشی شہ رگ ہے وہاں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ سے کاروبار زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا ہے ،جبکہ نیپرا نے پہلے سے مہنگائی کے مارے عوام پر بجلی کی قیمت میں مزید اضافے کی درخواست کر دی ہے یہ ظلم پر عظیم ہے ۔

انہوںنے کہاکہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں عوام کو کسی بھی قسم کا ریلیف دینے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہیں ۔ ان شاء اللہ متحدہ مجلس عمل پر مشتمل دینی جماعتوں کا اتحاد 2018 ء کے انتخابات میں بھر پور کامیابی حاصل کرے گا جو قوم کی امیدوں کا مرکز و محور بنے گا ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں