لاہور،پاکستان اًمن پسند ملک ہے اور اس نے ہمیشہ دہشت گردی کی مذمت کی ہے،گورنر پنجاب

حکومت ،افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گردی کا خاتمہ کر دیا ہے ، حکومت کی گڈگورننس کی بدولت ملک کی معیشت مضبوط ہوئی ہے پاکستان نے دہشت گردی میں سب سے زیادہ جانی و مالی قربانیاں دی ہیں جسے اقوام عالم کو سراہنا چاہیے، ملک محمد رفیق رجوانہ

جمعرات 19 اپریل 2018 22:46

لاہور،پاکستان اًمن پسند ملک ہے اور اس نے ہمیشہ دہشت گردی کی مذمت کی ہے،گورنر پنجاب
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اپریل2018ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ پاکستان اًمن پسند ملک ہے اور اس نے ہمیشہ دہشت گردی کی مذمت کی ہے ۔ پاکستان کے ہمسایہ ممالک سے اچھے تعلقات ہیں ۔پاکستان نے دہشت گردی میں سب سے زیادہ جانی و مالی قربانیاں دی ہیں جسے اقوام عالم کو سراہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ،افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گردی کا خاتمہ کر دیا ہے ۔

حکومت کی گڈگورننس کی بدولت ملک کی معیشت مضبوط ہوئی ہے اور غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کو ترجیح دے رہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاںگورنرہاؤس لاہور میں پاکستان پوسٹل سٹاف کالج اسلام آباد میں زیر تربیت غیر ملکی افسران کے وفد سے گفت گو کے دوران کیا ۔

(جاری ہے)

ملاقات میں ڈائریکٹر پوسٹل سروس خالد اویس رانجھا اور سینئر انسٹرکٹر مس انصارنورین بھی موجود تھیں۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت کے جامع اقدامات کی بدولت ملک میں اًمن وامان کی صورت حال بہت بہتر ہوئی ہے ۔ انہو ںنے کہا کہ آپ نے اپنے قیام کے دوران پاکستان کے حالات کا خود مشاہدہ کیا ہو گا اور یہاں کے لوگوں کو پیار کرنے والے اور اًمن پسند پایا ہو گا ۔ گورنرنے کہا کہ جب آپ تربیت مکمل کر کے اپنے ملک جائیں توآپ ہمارے سفیر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے یہ فخر کی بات ہے کہ غیر ملکی افسران مختلف شعبوں میں تربیت کے لیے پاکستان آتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پوسٹل سروس دُنیا کی بہترین سروس میں شمار ہوتی ہے مگر جدید ٹیکنالوجی ، لیپ ٹاپ ، موبائل فونز و دیگر ذرائع مواصلات آنے کی وجہ سے اب خط کے ذریعے رابطوں میں کمی آئی ہے ۔اس موقع پر گورنر پنجاب نے افسران کی جانب سے کئے گئے مختلف سوالات کے جوابات بھی دیئے۔ ایک سوال کے جواب میں گورنرپنجاب نے کہا کہ حکومت نے خواتین کو حقوق دلانے کے لیے جامع اقدامات کیے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ سرکاری محکموں میں خواتین کے لیے ملازمتوں کا کوٹہ مقررکیا گیا ہے ، تمام اضلاع میں ویمن چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کام کر رہی ہیں۔ایک اور سوال کے جواب میں گورنرنے کہا کہ چند روز قبل فیصل آباد میں ترکی کے تعاون سے’’ انٹرنیشنل مشروب‘‘ فیکٹری لگائی گئی ہے جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستانی اًمن پسند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین نے پاکستان کو سی پیک کی صورت میں بہترین تحفہ دیا ہے جس سے نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے میں معاشی خوشحالی کا نیا دًور شروع ہوگا۔

قبل ازیں، ڈائریکٹر پوسٹل سروس خالد اویس رانجھا نے کورس مکمل کرنے والے غیر ملکی افسران کاگورنرپنجاب سے فردا ً فردا ً تعارف کروایا اور کورس کے اغراض و مقاصد سے متعلق گورنر پنجاب کو تفصیلی آگاہ کیا ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں