لاہور، ضمیر فروشوں کے خلاف عمران خان کا جرات مندانہ اقدام قابل تقلید ہے،صاحبزادہ حامد رضا

پشتون تحفظ موومنٹ پاکستان دشمن قوتوں کا نیا ہتھیار ہے، ووٹ کی عزت ووٹر کی عزت سے مشروط ہے، پاکستان کو نظام مصطفے کا گہوارہ بنا کر دم لیں گے،چیئرمین سنی اتحاد کونسل

جمعرات 19 اپریل 2018 22:46

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اپریل2018ء) سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین اور نظام مصطفے متحدہ محاذ کے سیکریٹری جنرل صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ ضمیر فروشوں کے خلاف عمران خان کا جرات مندانہ اقدام قابل تقلید ہے۔ پشتون تحفظ موومنٹ پاکستان دشمن قوتوں کا نیا ہتھیار ہے۔ ووٹ کی عزت ووٹر کی عزت سے مشروط ہے۔ پاکستان کو نظام مصطفے کا گہوارہ بنا کر دم لیں گے۔

صوفیا کے ماننے والے اہل حق عام انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کے لئے صف بندی کر لیں۔ امن پسندی اور حب الوطنی اہل سنت کی شناخت ہے۔ محدث اعظم مولانا سردار احمد نے بد عقیدگی کے خلاف بے مثال جدوجہد کی۔ صاحبزادہ فضل کریم غیرت، حریت، استقامت اور جرات کا پہاڑ تھے۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے محدث اعظم مولانا سردار احمد، صاحبزادہ فضل کریم کے سالانہ عرس اور جامعہ رضویہ مظہر اسلام کے جلسہ دستار فضیلت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

مقررین میں نظام مصطفے متحدہ محاذ کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر، آل پاکستان مشائخ کونسل کے چیئرمین پیر سید منور حسین شاہ جماعتی، جماعت اہل سنت پاکستان کے مرکزی قائم مقام ناظم اعلی پیر خالد سلطان قادری، جماعت اہل سنت پنجاب کے صدر مفتی محمد اقبال چشتی، صاحبزادہ حسین رضا، پیر سید اشتیاق حسین شاہ (لندن)، صاحبزادہ سید برہان حیدر شاہ حافظ آبادی، پیر سید آل احمد شاہ، پیر طارق ولی چشتی، الحاج سرفراز احمد تارڑ، مفتی محمد کریم خان، حاجی رانا شرافت علی قادری، راؤ حسیب احمد اور دیگر شامل تھے۔

اس موقع پر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے کہا کہ دینی مدارس اسلام کے قلعے اور روحانی آستانے رشد و ہدایت کے مراکز ہیں۔ خانوادہ محدث اعظم کی دینی و قومی خدمات لائق تحسین ہیں۔ محدث اعظم کے پیروکار ختم نبوت کے غداروں کو ووٹ نہیں دیں گے۔ نظام مصطفے نافذ نہ ہونے کی وجہ سے ملک بے برکتی کا شکار ہے۔ صاحبزادہ حسین رضانے کہا کہ محدث اعظم اور صاحبزادہ فضل کریم کا کردار و عمل ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔

ہم اپنے اکابرین کا ادھورا مشن مکمل کرنے کے لئے سر دھڑ کی بازی لگائیں گے۔ مودی کے یار الیکشن میں عبرت کا نشان بن جائیں گے۔ پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں گدی نشیں مشائخ اہم کردار ادا کریں گے۔ جامعہ رضویہ نے دینی علوم و فنون کے فروغ کے لئے تاریخ ساز خدمات سرانجام دی ہیں۔ عاشقان رسول کی شیرازہ بندی شروع کر دی ہے۔ جلسہ کے اختتام پر جامعہ رضویہ سے فارغ التحصیل علماء کی دستار بندی کی گئی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں