لاہور،انویسٹی گیشن پولیس سٹی نے قتل،اندھے قتل اوربھتہ کے مقدمہ میں ملوث8 ملزمان کو گرفتار کرکے آلہ قتل برآمدکرلیے

جمعرات 19 اپریل 2018 21:14

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اپریل2018ء) انویسٹی گیشن پولیس سٹی ڈویژن نے قتل، اندھے قتل ،بھتہ خوری اور دیگرجرائم کی وارداتوں میں ملوث 8 ملزمان کو گرفتار کر کے آلہ قتل پسٹل اور راڈبرآمد کر لیے ہیں۔یہ بات ایس پی سٹی سید اکرار حسین شاہ نے آج لوئرمال میں ایک پریس کانفرنس کے دوران الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے بتائی۔

اُنہوں نے کہا کہ سٹی ڈویژن میںقتل ،اندھے قتل اور دیگر جرائم کی وارداتوں کے سد باب اور ان وارداتوں میں ملوث ملزموں کی گرفتاری کے لیے انویسٹی گیشن پولیس سٹی کی سپیشل ٹیمیں دن رات سر گرم عمل ہیں۔ایس پی سٹی نے کہا کہ تھانہ مصری شاہ کے انچارج انسپکٹر رحمت علی نے قتل کے مفرورمجرمان اشتہاری آصف ،الیاس اور جنید کو گرفتار کر لیا۔

(جاری ہے)

سال 2015میںملزمان کا پیسوں کے لین دین کے تنازعہ پر مصری شاہ کے علاقہ نادرا چوک پر مظفر بیگ اور اس کے بھائی کے ساتھ لڑائی جھگڑا ہوا ملزمان نے طیش میں آکر فائر کر کے مظفر بیگ کو قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہو گئے۔

تھانہ راوی روڈ کے انچارج سب انسپکٹر محمد عالم نے اندھا قتل کے مقدمہ میں ملوث ملزمان وحیداحمد اور محمد ارسلان کو گرفتار کر لیا۔ وحید احمد نے اپنے راشتے داراصغر جاویدکو اپنی بیوی سے ناجائز تعلقات کے شبہ میں اپنے دوست محمد ارسلان کے ساتھ مل کر اغواء کر کے قتل کر دیاتھا۔ تھانہ بھاٹی کے سب انسپکٹردانیال نے ڈبل مرڈر کے 6سال سے مفرور مجرم اشتہاری شبیر کوٹریس کرکے کراچی سے گرفتار کر لیا۔

ملزم شبیرنے گھریلو ناچاقی کی بناء پر اپنے بڑے بھائی تنویر ،بھابھی شبانہ بی بی اور بھتیجے اسامہ پررات سوتے ہوئے پٹرول پھینک کر آگ لگادی۔آگ سے جھلسنے سے اس کا بھائی تنویرزخمی ہوالیکن شبانہ اور اسامہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جابحق ہو گئے۔انہوں نے کہا کہ تھانہ شفیق آباد کے انچارج انسپکٹر امتیاز حسین نے بھتہ کے مقدمہ میں ملوث ملزمان محمد اسلم اور ادریس کو ٹریس کرکے پاکپتن سے گرفتار کر لیا۔ ملزمان نے شفیق آباد کے علاقہ سے محمد اعظم نامی شخص سے پینسٹھ ہزار روپے بھتہ وصول کیا۔ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔ ایس پی انویسٹی گیشن سید اکرار حسین نے قتل، اندھے قتل اوربھتہ کا مجرمان اشتہاری کو گرفتار کر نے پرپولیس ٹیموں کیلئے تعریفی اسناد کا اعلان بھی کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں