بجلی کی قیمتوں میں اضافہ غریب عوام پر بجلی بم کے مترادف ہو گا،سیف اللہ خالد

جمعرات 19 اپریل 2018 20:17

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اپریل2018ء) ملی مسلم لیگ کے صدر سیف اللہ خالد نے نیپرا کی جانب سے بجلی کی قیمت میں45پیسے فی یونٹ اضافہ کی تجویز پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ غریب عوام پر بجلی بم کے مترادف ہو گا۔حکمرانوں سے لوڈ شیڈنگ کا عذاب تو ختم نہ ہو سکا البتہ ہر پندرہ بیس دن بعد غریب عوام کو بجلی کا جھٹکا ضروردیاجاتا ہے۔

حکومت آئی ایم ایف کے اشاروں پر چل رہی ہے جو ملک میں مہنگائی کا سبب بن رہے ہیں۔ضرورت اس امر کی ہے کہ بجلی کے نرخوں میں اضافہ کی بجائے سستی بجلی پیدا کرنے کے لئے کالا باٖغ ڈیم بنایا جائے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ موجودہ پارلیمنٹ مراعات یافتہ طبقے پر مشتمل ہے اس لئے اسے عوام کی مشکلات کا حقیقی معنوں میں ادراک نہیں ہے۔

(جاری ہے)

وہ غلط حکمت عملی کے باعث ہونے والے خسارے کو عوام کا خون نچوڑ کر پورا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام کا کوئی پرسان حال نہیں اور آئے دن کی مہنگائی نے ان کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ مہنگائی، بے روز گاری، رشوت ستانی اور جرائم کی شرح میں اضافہ اور امن وامان کی خوفناک صورتحال نے غریب عوام کا جینا پہلے ہی دوبھر کر رکھا ہے ایسے میں ان کے زخموں پر مرحم رکھنے اور ان کے مصائب اور تکالیف کم کرنے کی بجائے آئے روز بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا ظالمانہ عمل مسلسل جاری ہے جوکہ غریب عوام پر انتہائی ظلم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کالا باغ ڈیم بنائے بغیر سستی بجلی حاصل نہیں ہوگی،کالا باغ ڈیم کی تعمیر پاکستان کی بقاء کا مسئلہ ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ سستی بجلی کے حصول کے لئے کالا باغ ڈیم بنایا جائے تا کہ پاکستان کے شہریوں کو بھی ریلیف ملے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں