صوبائی وزیر صحت کا گورنمنٹ سمن آباد اور میاں میر ہسپتال کا دورہ

خواجہ عمران نذیرکی جانب سے گورنمنٹ سمن آباد ہسپتال کی انتظامیہ کو شاباش

جمعرات 19 اپریل 2018 19:24

صوبائی وزیر صحت کا گورنمنٹ سمن آباد اور میاں میر ہسپتال کا دورہ
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2018ء) صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر نے گورنمنٹ سمن آباد ہسپتال اور گورنمنٹ میاں میر ہسپتال کا اچانک دورہ کیا ۔ صوبائی وزیر نے گورنمنٹ سمن آباد ہسپتال کی ایمرجنسی ،آئوٹ ڈور، گائنی ، ڈینٹل سیکشن اور پیڈز کا معائنہ کیا اور فارمیسی میں ادویات کا سٹاک چیک کیا۔

اس موقع پر پنجاب ہیلتھ فیسلٹیز منیجمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو محمد علی عامر، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شہناز، ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر فیصل ، ایڈیشنل سکریٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر عاصم الطاف اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ بھی موجود تھے ۔ میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ عمران نذیر کا کہنا تھا کہ چھ ماہ پہلے کے مقابلے میں آج گورنمنٹ سمن آباد ہسپتال کی کارکردگی میں نمایا اضافہ ہوا ہے اور ہسپتال کے آئوٹ ڈور و ایمرجنسی میں آنے والے مریضوں کی تعداد میں سو گنا اضافہ ہوگیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب ہیلتھ فیسلیٹیز منیجمنٹ کمپنی اس ہسپتال کے انتظامی امور کو احسن طریقے سے چلا رہی ہے جس سے مریضوں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔ اس موقع پر محمد علی عامر نے بتایا کہ ہسپتال میں خواتین کے چھاتی کے کینسر کی تشخیص و علاج کے سلسلے میں بریسٹ کلینک بھی قائم کیا جائے گاجس کے لئے آئوٹ سورس ماڈل پر میمو گرافی مشین بھی نصب کی جائے گی۔

میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر شہباز نے بتایا کہ ہسپتال میں جنرل سرجن کی تعیناتی کے بعد سرجری کی سہولت فراہم ہوگئی ہے اور اس کے علاوہ حاملہ خواتین کی ڈیلیوری اور بڑے آپریشن کی تعداد میں بھی نمایا اضافہ ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب ماہانہ تقریباً تیس سی سیکشن آپریشن ہورہے ہیں۔ خواجہ عمران نذیر نے گورنمنٹ سمن آباد ہسپتال کی کاردگی کو سراہا اور ہسپتال انظامیہ، سی ای او ہیلتھ اور پی ایچ ایف ایم سی کو شاباش دی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں