وزیر اعلیٰ پنجاب نے تمام اداروں اور ہر قسم کی ملازمتوں میں اقلیتوں کیلئے پانچ فیصد کوٹہ مختص کرنے کی منظوری دے دی ہے‘خلیل طاہر سندھو

وظائف کی تقسیم کا مقصد طلبا وطالبات کو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے میں مدد دینا او ران کی محنت شاقہ کی حوصلہ افزائی کرنا ہے‘ صوبائی وزیر انسانی حقوق

جمعرات 19 اپریل 2018 19:24

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2018ء) صوبائی وزیر انسانی حقوق واقلیتی ا مور خلیل طاہر سندھو نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کیبنٹ ڈویژن کی مشاروت سے صوبے کے تمام اداروں اور ہر قسم کی ملازمتوں میں اقلیتوں کیلئے پانچ فیصد کوٹہ مختص کرنے کی منظوری دے دی ہے اور ان پر عمل درآمد کی یقین دہانی بھی کر ائی ہے ،صوبہ بھر میں اقلیتی ہونہار طلبا وطالبات میں ساڑھے تین کروڑ روپے سے زائد کے وظائف تقسیم کئے جا رہے ہیں، جس سے اقلیتی طلبا وطالبات میں مقابلے کا رجحان بڑھ رہاہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سول ڈیفنس ہال سرگودہا میں ڈؤیژن بھر کے ہونہار اقلیتی طلبہ وطالبات میں وظائف تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ملک آصف اقبال ‘ صدر اقلیتی ونگ پاکستان مسلم لیگ ن چوہدری مشتاق گل ‘ ڈی ای او سکینڈی ریاض احمد چیمہ ‘ڈی ای اوایلیمنٹری قاضی محمد ایوب‘ رائے محمد نواز کھرل ‘ ڈائریکٹر انفارمیشن شرافت حسین‘ اقلیتی کونسلروں اور طلبا وطالبات کی کثیر تعداد موجود تھی ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ حکومت پنجاب یوسی ایس لاہور اور فاطمہ ہسپتال سرگودہا جیسے تاریخی اہمیت کے حامل اداروں کی بحالی کیلئے کروڑوں کے فنڈز جاری کررہی ہے اور فاطمہ ہسپتال سرگودہا کی تعمیر نوکیلئے ایک کروڑروپے کے فنڈز جاری کئے گئے ہیں جبکہ یو سی ایس لاہور کیلئے حکومت پنجاب نے ساڑھے چھ کروڑروپے فراہم کئے ہیں۔ یونیورسٹی آف سرگودہا میں اقلیتوں کیلئے ملازمتوں کے پانچ فیصد کوٹہ پر عملد رآمد نہ ہونے کی شکایت پر انہوں نے واضح کیا کہ وہ مقامی اقلیتی نمائندوں کے اس مطالبہ کو حکومت پنجاب کے نوٹس میں لائیں گے او رکسی کو اقلیتوں کے حق پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دیںگے ۔

اقلیتوں کو حق دلواناان کافرض اورقوم کا ان پر قرض ہے ۔ قبل ازیں صدر اقلیتی امور پی ایم ایل ن چوہدری مشتاق گل نے سرگودہا میں اقلیتوں کے مسائل کے بارے میں آگاہ کیا جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ملک آصف اقبال نے تعلیم وظائف کے با رے میںتفصیلات بتائیں ۔ بعدازاں خلیل طاہر سندھونے سرگودہا ڈویژن کے 68 ہونہار طلباوطالبات میں 19لاکھ روپے سے زائد کے وظائف کے چیک تقسیم کئے ۔

جس میں ضلع سرگودہا کے سات طلباء وطالبات کو پچاس پچاس ہزار روپے کے چیک ‘ڈؤیژن کے دیگر اضلاع کے دس طلباء وطالبات میں 35ہزار فی کس ‘ 44 طلباء وطالبات کو تیس ہزار اور بیس ہزار روپے ‘دس طلباء وطالبات میںپینتیس پینتیس ہزار روپے جبکہ سات طلباء وطالبات کو پندرہ ہزار فی کس کے حساب سے وظائف کے چیک تقسیم کئے گئے ۔ بعدازاں صوبائی وزیر نے سرگودہا جمخانہ کلب کا بھی دورہ کیا اور اس کلب کے قیام پر ڈپٹی کمشنر اور اہل سرگودہا کو مبارکباد دی ۔ڈپٹی کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے انہیں جمخانہ کلب کی تعمیر کے بارے میں بریفنگ دی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں