دورہ انگلینڈ کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کا مختصر تربیتی کیمپ قذافی اسٹیڈیم میں شروع ،16 میں سے 15کھلاڑیوں نے رپورٹ کر دی

جمعرات 19 اپریل 2018 18:34

دورہ انگلینڈ کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کا مختصر تربیتی کیمپ قذافی اسٹیڈیم میں شروع ،16 میں سے 15کھلاڑیوں نے رپورٹ کر دی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2018ء) دورہ انگلینڈ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کا مختصر تربیتی کیمپ قذافی اسٹیڈیم میں شروع ہوگیاجس میں 16 میں سے 15کھلاڑیوں نے رپورٹ کر دی ۔تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیلے گی جس کے لئے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں تربیتی کیمپ لگایا گیا ہے جو 22 اپریل تک جاری رہے گا۔

دورہ برطانیہ کے لئے ٹیم میں شامل کیے گئے نوجوان کھلاڑی محمد عباس کانٹی کرکٹ کے باعث کیمپ میں شریک نہیں تاہم دیگر کھلاڑیوں نے کیمپ کو جوائن کرلیا ہے۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے نئے فزیو تھیراپسٹ اینڈریو ڈیکن نے بھی کیمپ جوائن کرلیا۔یاد رہے کہ پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان واحد ٹیسٹ میچ 11 مئی سے شروع ہوگا جس کے بعد قومی ٹیم انگلینڈ کے خلاف 2 میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کھیلے گی۔

(جاری ہے)

مذکورہ سیریز کے لئے سلیکشن کمیٹی نے نوجوان کھلاڑیوں کا انتخاب کیا ہے جبکہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر بھی نئے تجربات کا ارادہ رکھتے ہیں۔ دائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے بابر اعظم پاکستان کی جانب سے ون ڈے میں تیسرے نمبر پر اور ٹی ٹوئنٹی میں اوپننگ کرتے ہیں لیکن آئرلینڈ اور انگلینڈ میں انہیں چوتھے یا پانچویں نمبر پر کھلانے کی تجویز ہے۔سب سے اہم اور مشکل ترین پوزیشن ون ڈان پر لیفٹ ہینڈ بیٹسمین حارث سہیل کھیلیں گے۔ حیران کن طور پر جارح مزاج اوپنر فخر زمان کو بھی مڈل آرڈر میں پانچویں یا چھٹے نمبر پر آزمایا جائے گا اور انہیں ذمے داری دی جائے گی کہ وہ اٹیک کریں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں