سی ای او گولڈ کپ 63 ویں قومی ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ کے مقابلے اختتام پذیر

جمعرات 19 اپریل 2018 01:00

لاہور۔18 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2018ء) پاکستان ریلوے سپورٹس بورڈ کے زیر اہتمام سی ای او گولڈ کپ 63 ویں قومی ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ کے مقابلے ریلوے اسٹیڈیم گڑھی شاہو میں 3 روز جاری رہنے کے بعد اختتام پذیر ہوگئے۔ جس میں پاکستان ریلویز، پاکستان آرمی، پاکستان واپڈا، پاکستان پولیس، ایچ ایس سی اور چاروں صوبوں کے لفٹرز نے وزن برداری کے جوہر دکھائے۔

پاکستان واپڈا نے مجموعی طور پر 102 پوائنٹس حاصل کرکے ٹرافی جیت لی۔ پاکستان آرمی نے 58 پوائنٹس کے ساتھ دوسری جبکہ میزبان پاکستان ریلویز 52 پوائنٹس حاصل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ مہمانِ خصوصی چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلویز محمد جاوید انور جن کا ریلوے اسٹیڈیم پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا۔

(جاری ہے)

چیمپئن شپ کے اختتام پر محمد جاوید انور نے کامیاب ٹیموں میں ٹرافیاں، کھلاڑیوں میں میڈل اور آفیشلز میں شیلڈیں تقسیم کیں۔

اس موقع پر صدر ریلوے سپورٹس بورڈ محمد طاہر ، نائب صدر پروفیسر ڈاکٹر فرحان عبادت یار خان ، سیکرٹری ڈاکٹر آفتاب اقبال چوہدری، ہمدان نذیر، اکاؤنٹس آفیسر عطا حسین بٹ، ڈی ایس ورکشاپس غلام قاسم، آرگنائزنگ سیکرٹری شیخ محمد انور، حافظ عمران بٹ، امجد امین بٹ، محمد راشد ملک، سید نجم السعید، ویٹ لفٹنگ سے وابستہ نامور شخصیات اور تماشائیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

جنہوں نے کھلاڑیوں کے شاندار کھیل پر داد پیش کی۔ ریلوے بینڈ نے شاندار دھنیں بجا کر کھلاڑیوں اور تماشائیوں کے دل جیت لئے۔ مہمانِ خصوصی محمد جاوید انور نے چیمپئن شپ کے شاندار انعقاد پر آرگنائزر کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستان ریلوے قومی کھیلوں میں نرسری کا درجہ رکھتی ہے جس کی بدولت اس کے کھلاڑیوں نے ملکی اور غیر ملکی سطح پر ریلوے اور ملک کا نام روشن کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امید کرتاہوں کہ ایسی چیمپئن شپس منعقد ہوتی رہیں گی تاکہ کھیل پروان چڑھیں، گراؤنڈز آباد ہوں اور ایک صحت مند معاشرہ قائم ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ سال وومین ویلٹ لفٹنگ چیمپئن شپ منعقد کی جائے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں