ْمیٹرو ٹرین کی آزمائشی سروس کے بارے میں شہریوں کو عنقریب خوشخبری دیں گے ‘خواجہ احمد حسان

رین سیٹوں کی درآمدمکمل ‘منصوبے کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے اور آپریشنل کرنے کے لئے اضافی لیبر لگادی گئی

بدھ 18 اپریل 2018 16:58

ْمیٹرو ٹرین کی آزمائشی سروس کے بارے میں شہریوں کو عنقریب خوشخبری دیں گے ‘خواجہ احمد حسان
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2018ء) وزیر اعلی پنجاب کے مشیر اور سٹیرنگ کمیٹی کے چیئرمین خواجہ احمد حسان نے کہا ہے کہ میٹرو ٹرین کی آزمائشی سروس شروع کرنے کے بارے میں شہریوں کو عنقریب خوشخبری دیں گے۔اورنج لائن کے پونے دوکلومیٹر طویل زیر زمین راستے کے لئے سرنگ کی کھدائی کاباقی کام بھی مکمل کر کے راستے کی آخری رکاوٹ بھی دور کر دی گئی ہے اورڈیرہ گجراں کو27کلومیٹر طویل راستے کے ذریعے علی ٹائون رائے ونڈ روڈ سے منسلک کر دیا گیا ہے۔

یہ کام صرف 60دنوں میں کیا گیا ہے جو ہمارے انجینئرز اور کنٹریکٹرز کی پیشہ وارانہ مہارت کا ثبوت ہے ۔ منصوبے کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے اور اسے آپریشنل کرنے کے لئے اضافی لیبر لگادی گئی ہے۔ وہ گزشتہ روز اورنج لائن منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے - اجلاس کو بتایا گیا کہ مجموعی طورپرمنصوبے کا 87.23فیصد تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے -ڈیرہ گجراں سے چوبرجی تک پیکیج ون کا 92.21فیصد‘ چوبرجی سے علی ٹائون تک پیکیج ٹو کا 81.35فیصد ‘پیکیج تھری ڈپو کا 87.31فیصد جبکہ پیکیج فور سٹیبلینگ یارڈ کی تعمیر کا 88.81فیصد کام مکمل کیا جا چکا ہے ۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ منصوبے کا 63.70فیصد الیکٹریکل ومکینیکل ورکس بھی مکمل کر لیا گیا ہے ۔پیکیج ون میں پٹری بچھانے کا بھی تقریبا ً نصف کام مکمل کیا جا چکا ہے ۔اجلاس کو بتایاگیا کہ جی پی او سے سپریم کورٹ کی عمارت تک سیوریج لائن بچھانے کاکام مکمل کر لیا گیا ہے اور بارشی پانی کے نکاس کے لئے ڈرین کی تعمیر کاکام جاری ہے ۔ دونوں اطرف سے اس سڑک کی تعمیر25اپریل تک مکمل کر لی جائے گی اور سپریم کورٹ رجسٹری سے نابھہ روڈ تک یہی کام 30 اپریل تک مکمل کر لیاجائے گا ۔

جی پی او چوک سے نیشنل بینک تک مال روڈ کی بائیں جانب لین کی بحالی اور یوٹیلیٹی سروسز کا کام بھی 30اپریل تک مکمل کر لیا جائے گا ۔میٹرو ٹرین کے لئے 27 ٹرین سیٹوں کی درآمدمکمل ہو گئی ہے ۔ 14 ٹرین سیٹ ڈیرہ گجراں میں ڈپو اور13 علی ٹائون سٹیبلنگ یارڈ میں کھڑے کئے گئے ہیں۔ میٹروٹرین کے ٹریک کو آرائشی روشنیوں سے سجانے کے لئے پی ایچ اے بین الاقوامی معیار کے مطابق لائٹنگ سسٹم ڈیزائن کر رہا ہے ۔

ٹرین بجلی سے چلانے کے لئے انجینئرنگ یونیورسٹی کے قریب الیکٹرک سب سٹیشن کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے جسے جلد ہی آپریشنل کر دیاجائے گا۔ڈیرہ گجراں سے پاکستان منٹ تک پانچ سٹیشن تیار کئے جا چکے ہیں۔اس کے علاوہ نکلسن روڈ پر10ویں سٹیشن پر الیکٹریکل و مکینکل کام تیزی سے جاری ہے ۔ خواجہ احمد حسان نے ہدایت کی کہ میکلوڈ روڈ کو اتوار تک ہر لحاظ سے مکمل کر کے ٹریفک کے لئے کھول دیاجائے اور چوک یتیم خانہ اور سمن آباد موڑ پر ٹریفک کی روانی بہتر کرنے کے لئے یوٹرنز کی ری ڈیزائننگ کا جائزہ لیاجائے ۔

اجلاس میںایم این اے مہر اشتیاق احمد‘ایم پی اے بائو اختر علی‘ جنرل منیجر نیسپاک سلمان حفیظ‘چیف انجینئر ٹیپا ایل ڈی اے مظہر حسین خان اور لیسکو‘پی ٹی سی ایل ‘سوئی گیس ‘ ریلوے‘ ٹریفک پولیس ‘سول ڈیفنس‘ریسکیو1122 اور دیگر متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران کے علاوہ منصوبے کے چینی کنٹریکٹر سی آر نورنکو اور چائنہ انجینئر نگ کنسلٹنس کے نمائندوں اور مقامی کنٹریکٹرز نے شرکت کی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں