نواز شریف ‘ مریم نواز اور کیپٹن (ر)صفدر لندن روانہ ہوگئے‘احتساب عدالت میں حاضری سے استثنی کی درخواست

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 18 اپریل 2018 12:02

نواز شریف ‘ مریم نواز اور کیپٹن (ر)صفدر لندن روانہ ہوگئے‘احتساب عدالت میں حاضری سے استثنی کی درخواست
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔18 اپریل۔2018ء) سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر)صفدر لندن روانہ ہوگئے ہیں۔بدھ کومسلم لیگ (ن)کے قائد نواز شریف لاہور ایئرپورٹ سے لندن روانہ ہوئے، ان کی بیٹی مریم نواز ،دامادکیپٹن(ر) صفدر بیگم اور نواسی ماہ نور صفدر بھی ان کے ہمراہ ہیں۔شریف فیملی کو س سخت سیکیورٹی میں رائیونڈ سے علامہ اقبال ایئرپورٹ لے جایا گیا جہاں سے وہ قطر کی ایئرلائن کی پرواز کیو آر 629 کے ذریعے بیرون ملک روانہ ہوئے۔

نواز شریف لندن میں اپنی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی عیادت کریں گے اور ممکنہ طور پر 22 اپریل اتوار کو واپس آئیں گے۔شریف خاندان کے مطابق کلثوم نواز کی کیمو تھراپی کے بعد طبیعت انتہائی خراب ہے۔

(جاری ہے)

لندن روانگی سے قبل مریم نواز نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ والدہ کو دیکھنے لندن روانہ ہوگئے ہیں، اگر احتساب عدالت میں حاضری سے استثنیٰ نہ ملا تو اگلی پیشی سے پہلے واپس آجائیں گے، ان کی والدہ کو خصوصی دعاﺅں میں یاد رکھیں۔

نواز شریف،مریم نواز اور کیپٹن (ر)صفدر نے بدھ سے جمعہ تک احتساب عدالت میں حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کردی ہے۔چند ہفتے قبل نیب نے نواز شریف اور مریم نواز کا بیرون ملک فرار روکنے کیلئے ان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا کہا تھا لیکن حکومت نے ایسا نہیں کیا۔ٹکٹ کے مطابق تینوں کی واپسی کے لیے 22 اپریل کی بکنگ کرائی گئی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں