جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی ، پولیس فورس کو مستعد اور چاک و چوبند رکھنے کیلئے تربیتی پروگراموں اور ریفریشر کورس کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا ، ایڈیشنل آئی جی پنجاب

منگل 17 اپریل 2018 23:27

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اپریل2018ء) ایڈیشنل آئی جی پنجاب ہائی وے پٹرول امجد جاوید سلیمی نے کہا ہے کہ پی ایچ پی کے زیر تربیت اہلکاروں کو جدید پولیسنگ کے اصولوں اور عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق ٹریفک مینجمنٹ ، ہائی وے پٹرولنگ اور جرائم کی بیخ کنی کے حوالے سے بہتر ین پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی جائے تاکہ وہ دوران ڈیوٹی عوام کو بہتر خدمات مہیا کر سکیں ۔

انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی کے لئے پولیس فورس کو مستعد اور چاک و چوبند رکھنے کے لئے تربیتی پروگراموں اور ریفریشر کورس کا سلسلہ نہ صرف جاری رکھا جائے گا بلکہ ان پروگرامز کی موثر نگرانی کو بھی ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔ ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں پنجاب ہا ئی وے پٹرول کی ماہانہ کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیئے منعقدہ اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈی آئی جی غلام محمود ڈوگر، ایس پی ہیڈکواٹرز شازیہ سرور، ایس ایس پی ڈی جی خان گوہر مشتاق بھٹہ،ایس پی گوجرانوالہ شجاعت علی رانا، ایس پی فیصل آباد امِ سلمہ، ایس پی بہاولپور ہما نصیب، ایس پی ملتان سجاد حسین اور تمام ڈسٹرکٹ ڈی ایس پی صاحبان نے شرکت کی۔ اجلاس میں تمام ریجنل ایس پی صاحبان نے ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی امجد جاوید سلیمی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایاگیا کہ گذشتہ ماہ پنجاب ہائی وے پٹرول نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف موثر کاروائیاں کرتے ہوئے قتل ، ڈکیتی اور اغوا ء برائے تاوان سمیت دیگر سنگین جرائم میں ملوث 378اشتہاری مجرمان اور 30 عدالتی مفروران گرفتار کئے جبکہ بغیر رجسٹریشن، نمبر پلیٹ اور کاغذات کے 103500 موٹر سائیکل پکڑے گئے ہیں جوکہ مارچ 2017 میں 47343 تھے۔

اسی طرح مارچ 2018پٹرولنگ پولیس نے دوران ڈیوٹی 12کلاشنکوفیں، 15رائفلیں، 136پسٹل، 39 بندوقیں، 10ریوالور، 02پمپ ایکشن گن، 04ریپیٹر گن، 06کاربائن، 2615 گولیاں اور 116کارتوس برآمد کر کے سماج دشمن عناصر کے خلاف 245مقدمات درج کئے گئے جبکہ 5278لیٹر شراب، 1.110کلوگرام ہیروئن اور 33کلو گرام چرس بھی برآمد کی گئی ہے ۔ایس پی صاحبان نے مزید بتایا کہ جوانوں کی فٹنس اور کارکردگی بڑھانے کیلئے فیلڈ کرافٹ کورس کے پہلے بیج میں304 جوان ٹریننگ مکمل کر چکے ہیں جبکہ 348 جوان دوسرے بیج میں زیرِ تربیت ہیں ۔

ایڈیشنل آئی جی امجد جاوید سلیمی نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ایس پی گوجرانوالہ شجاعت علی رانا اور ایس ایس پی ڈی جی خان گوہر مشتاق بھٹہ کو شاباش دی جبکہ ڈسٹرکٹ انچارج لیہ انسپکٹر ساجد حسین ، ڈسٹرکٹ انچارج منڈی بہائو الدین انسپکٹر اعجاز حسین ، ڈسٹرکٹ انچارج گوجرانوالہ انسپکٹرمظہر فرید اور پی آ ر او محمد قذافی کو بہترین کارکردگی پر نقد انعام اور تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔

ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی نے ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ڈی ایس پیز سے اظہار ناراضگی کرتے ہوئے انہیں ایک ماہ میںاپنی کارکردگی درست کرنے کی مہلت دی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پٹرولنگ پولیس میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسروں اور اہلکاروں کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کرتی ہے لیکن غفلت ، لاپروائی اور غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے والے اہلکاروں کی فورس میں قطعا کوئی گنجائش نہیں اور ایسے افسروں اور اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔

انہوں نے ہدایت کی کہ پٹرولنگ پوسٹوں اور پولیس لائن کی زیرِ تعمیر عمارات کی تعمیر جلد از جلد مکمل کی جائے اور مرمت کے لئے جاری فنڈز قوم کی امانت ہیں جن کا ضیاع کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا لہذا فنڈز کے استعمال کی موثر نگرانی کا عمل یقینی بنایا جائے ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں