پی ٹی آئی 29اپریل کو مینار پاکستان ہی جلسہ کرے گی ، تحریک انصاف کی قیادت کا مشترکہ فیصلہ

حکومتی مشینری دبا میں نہ آئے، نواز لیگ اوچھے ہتھکنڈے اختیار کرنے سے باز رہے ‘صدرتحریک انصا ف پنجاب عبدالعلیم خان

منگل 17 اپریل 2018 19:16

پی ٹی آئی 29اپریل کو مینار پاکستان ہی جلسہ کرے گی ، تحریک انصاف کی قیادت کا مشترکہ فیصلہ
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2018ء) پاکستان تحریک انصاف نے 29اپریل کو مینار پاکستان کے احاطے میں ہی جلسہ عام منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس ضمن میں کسی دوسرے آپشن کو مسترد کر دیاہے ،پی ٹی آئی سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان کی سربراہی میں پارٹی کی اعلی قیادت سے ہونے والی ملاقات میں طے پایا ہے کہ اعلان کے مطابق یہ جلسہ اسی جگہ منعقدہوگا جہاں1940میں پاکستان کی قرار داد پاس کی گئی تھی اور جس جگہ مختلف سیاسی جماعتیں سیاسی اجتماع منعقد کرتی رہی ہیں ۔

اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے حکومتی مشینری سے کہا کہ وہ کسی دبا میں نہ آئے تحریک انصاف نے پہلے قانون ہاتھ میں لیا اور نہ آئندہ ایسا کرے گی ،ہم آئین اور قانون پر یقین رکھنے والے لوگ ہیں اور انشا اللہ کوشش ہو گی کہ ایک گملا بھی نہ ٹوٹے عبدالعلیم خان نے نواز لیگ سے بھی کہا کہ وہ اوچھے ہتھکنڈے اختیار کرنے سے باز رہے ہم اپنا جمہوری حق استعمال کر رہے ہیں اور لوگوں کو اکٹھا کرنا اور ان تک اپنی بات پہنچانا کسی بھی سیاسی جماعت کا بنیادی حق ہے۔

(جاری ہے)

عبدالعلیم خان نے کہا کہ عمران خان کی گزشتہ21برسوں کی سیاسی جدوجہد کو ثمر آور ہونے سے کوئی نہیں روک سکتا اور انشا اللہ اب بدلتا ہوا پاکستان سامنے آ کر رہے گا ۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ مینار پاکستان پر جلسہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے والے تبدیلی کا راستہ نہیں روک سکتے، انتظامیہ چند ہفتوں کی مہمان حکومت کی جی حضوری کی بجائے سیکیورٹی کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔

انہوں نے کہا کہ مینار پاکستان کے سائے تلے پی ٹی آئی کے گزشتہ جلسے نے تخت رائیونڈ کو ہچکولے دیکر ملک میں سیاسی منظر نامہ تبدیل ہونے کی نوید سنائی تھی،اب اسی تاریخی مقام پر 29اپریل کا جلسہ آئندہ الیکشن سے قبل شریفوں کے سیاسی تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا، انہوں نے کہا کہ بوکھلاہٹ کا شکار کرپٹ مافیا ایک طرف عدالتوں میں معافیاں مانگتا پھر رہا ہے، دوسری طرف اداروں کو استعمال کرتے ہوئے سیاسی فوائد حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔

دریں اثنا پی ٹی آئی کے پارٹی رہنماں کے صلاح مشورے ہوئے اور صدر وسطی پنجاب عبدالعلیم خان کی زیر صدارت لاہور کے اہم رہنماں کا اجلاس منعقد ہوا جس میں 29اپریل کے جلسے کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ،ایم پی اے شعیب صدیقی نے سابقہ جلسوں کے حوالے سے اپنی رائے کا اظہار کیا اور سکیورٹی ،پنڈال اور خواتین انکلوژر کے حوالے سے خصوصی انتظامات کی ضرورت پر زور دیا ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں