مثبت تبدیلی کی ہوائیں چل پڑی ہیں ،پاکستان کا مستقبل انتہائی تابناک ہے ‘ مسرت چیمہ

نئے آنیوالے کسی لالچ نہیں عمران خان کی جدوجہد کو دیکھتے ہوئے انکے قافلے میں شامل ہو رہے ہیں‘ ممبر ایگزیکٹو کونسل

منگل 17 اپریل 2018 15:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2018ء) تحریک انصاف ویمن ونگ ایگزیکٹو کونسل کی ممبر مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ مثبت تبدیلی کی ہوائیں چل پڑی ہیں اور پاکستان کا مستقبل انتہائی تابناک ہے ،پارٹی میں نئے آنے والے کسی لالچ نہیں بلکہ عمران خان کی جدوجہد کو دیکھتے ہوئے ان کے قافلے میں شامل ہو رہے ہیں ۔ اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہا کہ (ن) لیگ او رپیپلز پارٹی کا نظریہ صرف لوٹ مار اور کرپشن ہے اور کئی دہائیوں سے اسے فروغ دیا جارہا ہے ۔

عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی دونوں جماعتوں کے اس نظریے کے آگے بندباندھ کر کھڑی ہے اور انشااللہ وہ وقت دور نہیں جب ملک کی تباہی کا باعث بننے والے اس نظر یے کو منوں مٹی تلے دفن کر دیا جائے گا۔ مسرت چیمہ نے کہا کہ پی ٹی آئی عوام کو صحت اور تعلیم سمیت زندگی کی بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر مہیا کرے گی اور اس کیلئے چاروں صوبوں میں خیبر پختوانخواہ کی طرز پر بلدیاتی اداروں کو انتظامی اور مالیاتی طور پر خود مختار بنایا جائے گا ۔

(جاری ہے)

صحت اور تعلیم حکومت کی ترجیحات ہوں گی اور اس کیلئے جامع ہوم ورک مکمل کر لیا گیا ہے جس پر بلا تاخیر عملدرآمد شروع کیا جائے گا۔ مسرت چیمہ نے مزید کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں خواتین کا کردار انتہائی اہم ہوگا اس لئے ملک و قوم کے مستقبل کو دیکھتے ہوئے ووٹ کاسٹ کریں۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں