سٹریٹ چلڈرن کو قانونی تحفظ فراہم کرنے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع

پیر 16 اپریل 2018 16:50

لاہور۔16 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2018ء) مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے سٹریٹ چلڈرن کو قانونی تحفظ فراہم کرنے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی، قراداد میں کہا گیا ہے کہ اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں 10کروڑ بچے فٹ پاتھوں اور گلیوں میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، پاکستان میں اس وقت ان بچوں کی تعداد 15لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے، فٹ پاتھوں پر زندگی گزارنے والے بچوں میں 94 فیصد لڑکے اور 6 فیصد لڑکیاں شامل ہیں، ان میں اکثر بچے گھریلو تشدد، تعلیمی اداروں یا مدارس میں تشدد کی وجہ سے گھروں سے بھاگ جاتے ہیں جبکہ 63 فیصد بچے جنسی زیادتی کا شکار ہوتے ہیں، یہ بچے زیادہ ہیپاٹائٹس ، ٹی بی سمیت کئی خطرناک بیماریوں کا شکار ہیں، یہی بچے سب سے زیادہ جنسی زیادتی ، سٹریٹ کرئم اور مزدوری سمیت کئی طرح کی مشکلات کا شکار ہیں، یہ ایوان وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کرتا ہے کہ سٹریٹ چلڈرن کیلئے خصوصی طور قانون سازی کی جائے، جو ادارے ان بچوں کی نگہبانی اور تربیت کیلئے معمور ہیں ان کو پابند کیا جائے کہ وہ ان بچوں کے بہتر مستقبل کیلئے عملی طور پر اقدامات کریں، تاکہ ملک کا مستقبل ایسے فٹ پاتھوں پر سونے کی بجائے ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں