ملک کی باگ دوڑ پڑھے لکھے نوجوانوں کے ہاتھ آنے سے ہی حقیقی مسائل حل ہوں گے، مجتبیٰ شجاع الرحمان

اتوار 15 اپریل 2018 20:50

لاہور۔15 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2018ء) صوبائی وزیر اطلاعات و ایکسائیز میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان نے کہا ہے کہ تعلیم اور شعور عام کیے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا، جب ملک کی باگ دوڑ پڑھے لکھے نوجوانوں کے ہاتھ آئے گی تو وطن عزیز کے حقیقی مسائل حل ہونے کی امید پوری ہو گی، والدین اور اساتذہ نئی نسل کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے دن رات ایک کر دیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں الحمرا ہال میں النور سکول کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ارکان پنجاب اسمبلی بائو اختر، چودھری شہباز، اساتذہ اور بچوں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ تقریب میں لاہوربورڈ میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی النور سکول کی طالبہ کو تین لاکھ روپے جبکہ نمایاں نمبر حاصل کرنے والے دیگر طلباو طالبات کو بھی نقد انعامات اور تعریفی اسناد سے نوازا گیا، طلباو طالبات نے تقریب میں ٹیبلو، ملی نغمے اور خاکے پیش کیے جنہیں حاضرین نے خوب سراہا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر میاں مجتبیٰ شجاع نے شرکاء سے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمارے جملہ مسائل کا حل تعلیم اور صرف تعلیم میں مضمر ہے۔ انتہاپسندی ، دہشت گردی، فرقہ واریت ، طبقاتی کشمکش اور صوبائت کے زہر کاتریاق فروغ تعلیم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے دانش سکولوں کی صورت میں مستحق اور غریب مگر باصلاحیت طلبا اور ان کے والدین کیلئے ایک شاندار منصوبہ شروع کررکھا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ پرایئویٹ سکولوں کی بڑھتی ہوئی تعداد حکومت کے فروغ تعلیم کے مشن میں معاونت کر رہی ہے۔ہماری نئی نسلیں تعلیم کے زیور سے آراستہ ہو کر ہی عالمی برادری میں وطن عزیز کو اعلی مقام اور مرتبے پر فائزکر سکتی ہیں اور قائد اور اقبال کے خوابوں کی تعبیر پانے کیلئے بھی یہی راستہ اپنانا ہوگا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں