وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ کے عہدیداران اور ملک بھر سے آنیوالے ایگزیکٹو کونسل کے اراکین کی ملاقات

بہاولپور صوبہ اورجنوبی پنجاب کے معاملے پر اپنے موقف پر قائم ہیں،مسلم لیگ(ن)نے قراردادلاکر عملی اقدام کیا،شہبازشریف بے بنیاد الزامات ہمارا سیاسی کلچر بن چکاہے،خان صاحب قصہ خوانی بازار کے قصہ گوکی طرح جھوٹ گھڑتے ہیں سی پیک پاکستان کی معیشت کیلئے انمول تحفہ ہے ، پارٹی میں کوئی اختلاف نہیں،جب تک سچا کھرا اورخداخوفی کیساتھ احتساب نہیں ہوگا،ترقی کاخواب ادھورا رہے گا،محمدشہبازشریف

اتوار 15 اپریل 2018 20:50

& لاہور۔15 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ بہاولپور صوبہ اور جنوبی پنجاب کے معاملے پر اپنے موقف پر قائم ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ(ن)نے بہالپور صوبہ اورجنوبی پنجاب پر قرارداد لا کرعملی اقدام کیا۔مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے جنوبی پنجاب کی ترقی اورخوشحالی کیلئے آبادی کے تناسب سے کہیں زیادہ 42فیصد ترقیاتی بجٹ دیا۔

لیول پلے فیلڈ کے بغیرشفاف الیکشن نہیں ہوسکتے،جمہوریت اورپاکستان شفاف الیکشن ہی کے ذریعے ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکتے ہیں۔وزیر اعلیٰ نے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ کے صدر اور عہدیداران اور ملک بھر سے ایگزیکٹو کونسل کے اراکین سے ملاقات میں گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اپنے دور میں ملک کی ترقی وخوشحالی کیلئے دن رات کام کیا ہے۔

(جاری ہے)

صحت کی پراوا نہ کرنے پر ذاتی معالج نے تنبیہ کی تھی۔ پرانی میڈیکل ہسٹری کی وجہ سے برطانوی معالج سے رائے لینا مجبوری تھی۔ پنجاب کے ہسپتالوں کو سٹیٹ آف دی آرٹ بنانے کیلئے کوشاں ہوں۔ سی ٹی سکین کی سہولت سرکاری ہسپتالوں میں24گھنٹے دستیاب ہو گی۔دور دراز علاقوں میں علاج معالجے کو یقینی بنانے کیلئی54موٹر بائیک میڈیکل یونٹ فراہم کئے جارہے ہیں۔

لیہ ،بھکر جیسے علاقوں کے ہسپتال جاکر دیکھیں ایسے لگتا ہے کہ یورپ کا کوئی ہسپتال ہے۔ہیپاٹائٹس سے بچاؤ اورعلاج کیلئے فلٹر کلینک قائم کیے جاچکے ہیں۔لاہور میں جگر اورگردے کے علاج کیلئے پی کے ایل آئی جیسا قومی ادارہ بنایا جہاں ٹرانسپلانٹ آپریشن ہوںگے۔عوامی خدمت کی ہر ذمہ داری بشری تقاضوں کی حد تک پورے کرنے کی کوشش کی۔نتائج کا فیصلہ عوام کریں گے۔

عوام ہی فائنل جج اور منصف ہیں۔بے بنیاد الزامات ہمارا سیاسی کلچر بن چکاہے۔خان صاحب قصہ خوانی بازار کے قصہ گوکی طرح جھوٹ گھڑتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ صاف پانی پراجیکٹ میں 70ارب کا فراڈ ہونے جا رہا تھا۔ جسے ہم نے پکڑا ،کیس اینٹی کرپشن کے حوالے کیا اور ایف آئی آر درج کروائی۔ نیب اس وقت کہاں تھا، پنجاب کے ہر گھر تک صاف پانی مہیا نہ ہونے پر دکھ اورتکلیف محسوس کرتا ہوں ، مگر خائن اور قومی خزانے لوٹنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قابل ذکر خدمات بلا خوف تردید تاریخ کا حصہ بن چکی ہیں۔ تاریخ میں سنہری حروف سے ہماری عوامی فلاحی خدمات کا ذکر ہو گا۔2013سے پہلے بجلی کے بحران نے پاکستان بالخصوص پنجاب کی معیشت کو تباہ کر دیا۔ کابینہ کے اجلاس میں مخالفت کے باوجودسابق وزیر اعظم محمدنواز شریف نے میری تجویز پر انرجی پراجیکٹس لگانے کی منظوری دی۔

یہ ایک بہت بڑا فیصلہ تھا۔اللہ کے فضل و کرم سے ہم اندھیرے ختم کرنے میں کامیاب ہوئے۔ اگر پنجاب میں انرجی پراجیکٹس نہ لگتے تو ذرا سوچیے کیا صور ت حال ہوتی ۔ پنجاب کے اپنے وسائل سے لگنے والاچوتھا پاور پلانٹ اسی سال ستمبر کے آخر میںپیداوار شروع کر دے گا۔وزیر اعلیٰ نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ کراچی میں300،300میگاواٹ کی2پاور پلانٹ بدنیتی کی بنیاد پر بند رکھ کر واپڈا سے بجلی لی جا رہی ہے۔

میں نے بار بار قومی مفادات کونسل میں اس مسئلے کو اٹھایا لیکن پیپلز پارٹی کی حکومت نے اس پر کان نہیں دھرے۔ساہیوال میں چینی سرمایہ کاروں کی منت سماجت کر کے پاور پراجیکٹس کو وقت سے پہلے مکمل کروایا تا کہ لوڈ شیڈنگ کے اندھیرے دور ہوں۔ سی پیک پاکستان کی معیشت کیلئے انمول تحفہ ہے۔ دھرنوں اور دھڑن تختے کی سیاست کی وجہ سے تاخیر کا ازالہ کرنے کیلئے دن رات کوشش کی۔

جس کے تحت پنجاب میں سولر پاور پلانٹ اور جھنگ میں ونڈ پاور پراجیکٹ لگائے جار ہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میںاربوں روپے کی لاگت سی5000 میگا واٹ کے پراجیکٹ لگائے گئے۔بجلی پنجاب میں پیدا ہو رہی ہے لیکن پورے پاکستان میں جارہی ہے۔وزیراعلیٰ نے دوران گفتگو بتایا کہ گزشتہ روز کراچی جانے کا اتفاق ہوا تودل بے حد پریشان اورطبیعت ملول ہوئی،60ء کی دہائی میں ہم کراچی جایا کرتے تھے تو کراچی سے محبت ہوئی اوریہ محبت آج تک برقرار ہے لیکن بدقسمتی سے کراچی کو کوڑا کرکٹ کا ڈھیر بنادیاگیا ،سڑکیں ٹوٹی پھوٹی ہیں،پانی تک دستیاب نہیں۔

کراچی اب’’مرسوں مرسوں ،کام نہ کرسوں‘‘ کی عملی تفسیربن چکاہے۔اسی طرح خیبر پختونخواہ گئے تو تصور یہ تھا کہ بلین ٹری ہوں گے،پن بجلی کے پاور پراجیکٹ لگ چکے ہوں گے،پشاور میں خان صاحب کی میٹروبس سے عوام مستفید ہورہے ہوںگے لیکن سبھی کچھ مختلف پایا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان قائدؒ اوراقبالؒ کے افکار کے مطابق اتحاد اوراتفاق کیساتھ ترقی کرسکتا ہے۔

چاروں صوبوںمیں ترقی اورخوشحالی کیلئے عصبیتوں اورنفاق کا خاتمہ کرناہوگا۔انہوںنے کہا کہ جب پاکستان مسلم لیگ(ن) نے اقتدار سنبھالا تو صورتحال دگرگوںتھی لیکن الحمداللہ ملک بھر میں اندھیرے چھٹنے کو ہیں اورمعاشی اشاریے بہتری کی نشاندہی کررہے ہیں ۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے پاکستان بھر سے آنے والے صحافی بھائیوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ آپ سے ملاقات کے لمحات میرے لئے بے حد قیمتی ہیں اوراس ملاقات میں آپ کی سوچ اور افکار سے آگاہی کا نادر موقع ملے گا۔

وزیراعلیٰ نے ایک صحافی کے سوال کے جواب میں کہاکہ محمد نوازشریف ہمارے قائد تھے،قائد ہیں اورقائدرہیںگے۔پارٹی میں کوئی اختلاف نہیں،جمہوری پارٹی میں رائے مختلف ہوسکتی ہے یہ مثبت جمہوری امر ہے جس سے معاملات میں بہتری آتی ہے ۔وزیراعلیٰ محمدشہبازشریف نے کہا کہ جب تک سچا کھرا اورخداخوفی کیساتھ احتساب نہیں ہوگااورملک وقوم کی خوشحالی کا خواب ادھورا رہے گا۔

نندی پور جیسے معاملے میں جہاں بڈنگ نہیں ہوئی اور کنٹریکٹ ایوارڈ کردیاگیا،بابر اعوان فائل لیکر بیٹھے رہیں ،عدالت کے فیصلے میں تاخیر کا ذمہ دار ٹھہرائے جانے کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی گئی،نیب اس معاملے پر کیوں خاموش ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہی قومیں آگے جاتی ہیں جہاں ادارے اورافراد مل جل کر کام کرتے ہیں ،اتفاق اوراتحاد سے ایسا وقت آئے گا جب پاکستان بھی جاپان اورسنگاپور جیسے ممالک سے بھی آگے کھڑا ہوگا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں