روس ، امریکہ شام کی عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے دیں‘ طاہر محمودا شرفی

برطانیہ ، امریکہ کو جس طرح حق حاصل نہیں کہ وہ کسی مسلم ملک پر حملہ کریں ‘چیئرمین پاکستان علماء کونسل

اتوار 15 اپریل 2018 19:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2018ء) پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمودا شرفی نے کہاکہ امت مسلمہ کے مسائل کا حل وحدت امت میں ہے، فرقہ وارانہ تشدد اور انتہاء پسندی کا خاتمہ ہی امت کے مسائل کا حل ہے، روس ، امریکہ ، شام کی عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے دیں، بے گناہ شہریوں پر کیمیکل بمبوں کے حملے بد ترین درندگی ہے ۔

اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہا کہ شام کی عوام پر روس ، امریکہ کے حملے افسوسناک ہیں ، شام کی عوام پر بدترین آمریت مسلط کرنے کیلئے روس اور بشار الاسد کے اتحادی جو کردار ادا کر رہے ہیں وہ قابل مذمت ہے ۔انہوں نے کہا کہ شام سے یمن تک بیرونی مداخلتوں ، ملیشیائوں اور دہشت گرد تنظیمیں بے گناہ انسانیت کی قاتل ہیں اور امت مسلمہ کی کمزوری کا سبب ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ روس ، ایران ، امریکہ ، برطانیہ ، شام کی عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے دیں ، جب بے گناہ عوام پر کیمیکلز بمبوں کے حملے کیے جاتے ہیں تو اس کی بھی مذمت ہونی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ ، امریکہ کو جس طرح حق حاصل نہیں کہ وہ کسی مسلم ملک پر حملہ کریں ، اسی طرح روس کو بھی حق حاصل نہیں کہ وہ بے گناہ شامیوں کے قاتلوں کو تحفظ دینے کیلئے بمباری کرے ۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی سربراہی کانفرنس کا فوری اجلاس بلا کر شام ، عراق اور یمن کے مسائل اور کشمیر ، فلسطین کی صورتحال پر واضح لائحہ عمل مرتب کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ترکی ، سعودی عرب اور دیگر اسلامی ممالک کی طرف سے شامی حکومت کے کیمیکلز اسلحہ کے ذخائر پر حملوں کی حمایت اس بات کا واضح اظہار ہے کہ جب تک شام کی عوام پر شامی حکومت کے مظالم بند نہیں ہوں گے شامی عوام کی حمایت میں اٹھنے والے ہر قدم کی حمایت کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ امریکی حملوں کی مخالفت کرنے والے شامی عوام پر روس اور شامی حکومت اور اس کے حلیفوں کے مظالم کی بھی مذمت کریںاور شام ، عراق ، یمن میں بیرونی مداخلتوں کو بھی بند ہونا چاہیے۔شام کی عوام کی حمایت فرقہ واریت کا نہیں انسانیت کا مسئلہ ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں