نواز شریف سے شہباز شریف کی ملاقات ، مجموعی صورتحال سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیاگیا

وزیر اعلیٰ نے پارٹی قائد کو کراچی کے دورے ،چوہدری نثار علی خان سے ہونیوالی ملاقات بارے تفصیلی آگاہ کیا ‘ ذرائع

اتوار 15 اپریل 2018 19:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2018ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف سے ملاقات کر کے ملک کی مجموعی صورتحال سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ ذرائع کے مطابق جاتی امراء رائے ونڈ میں ہونے والی ملاقات میں حمزہ شہباز اور دیگر بھی موجود تھے ۔ بتایا گیا ہے کہ ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال اور پارٹی امور بارے تبادلہ خیال کیا گیا اور شہباز شریف نے بعض امور میں پارٹی قائد سے رہنمائی بھی لی۔

(جاری ہے)

ملاقات میں موجودہ حالات کے تناظر میں آئندہ کی حکمت عملی بارے بھی گفتگو کی گئی۔ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے پارٹی قائد کو اپنے کراچی کے دورے اور سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے ہونے والی ملاقات کے بارے میں بھی تفصیلی آگاہ کیا ۔ علاوہ ازیں ایک نجی ٹی وی کے مطابق وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے محمد نواز شریف کو سپریم کورٹ کے جج جسٹس اعجاز الاحسن کی رہائشگاہ پر فائرنگ کے واقعہ اور اس حوالے سے لئے جانے والے نوٹس اور تحقیقات کے حوالے سے سے بھی آگاہ کیا ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں