بھارتی درندہ صفت فوجی آصفہ جیسی بچیوںکی بے حرمتی کررہے ہیں‘میاں مقصوداحمد

خطے میں بھارت کو چودھراہٹ دینا امریکہ کی گہری سازش ہے‘صدرمتحدہ مجلس عمل پنجاب وامیرجماعت اسلامی پنجاب

اتوار 15 اپریل 2018 19:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2018ء) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدراورامیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصوداحمد نے کہاہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے کشمیریوں کی حمایت جاری رکھنے کا بیان خوش آئندہے۔کشمیرپاکستان کی شہ رگ ہے جس پر بھارت نے غاصبانہ قبضہ کررکھا ہے۔پاکستان کی سیاسی وعسکری قیادت اور22کروڑ غیور عوام کشمیریوں کی اخلاقی،سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے۔

ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی انتہاکرچکا ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارتی درندہ صفت فوجی آصفہ جیسی معصوم بچیوں کی بے حرمتی کررہے ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔عالمی برادری،نام نہاد این جی اوز اور انسانی حقوق کے علمبردار ممالک کیوں آنکھیں بند کرکے بیٹھے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

آئے روز ایسے درجنوں واقعات پورے ہندوستان اور مقبوضہ کشمیر میں ہورہے ہیں جن سے ثابت ہوجاتا ہے کہ بھارت ایک دہشت گرد ریاست ہے جہاں خواتین اور معصوم بچیوں کی عزت آبروتک محفوظ نہیں۔

انہوں نے کہاکہ بھارتی فورسز مقبوضہ کشمیر کی مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کے لیے سوچے سمجھے منصوبے کے تحت سازشیں کررہے ہیں اور ان مذموم کاوشوں میں انہیں بھارتی حکومت کی مکمل آشیرباد حاصل ہے۔ان شا ء اللہ ہندوستان اپنی گھنائونی سازشوں میں کبھی کامیاب نہیں ہوگا۔انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے تین کروڑ عوام خود کو پاکستان کے وجود کاحصہ تصور کرتے ہیں۔

کشمیری شہداپاکستانی پرچموں میں دفنایاجاناپسند کرتے ہیں۔پاکستان سے رشتہ کیالاالٰہ الا اللہ کا نعرہ ان کی زبان پر تروتازہ ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان ہندوستان کے اوچھے اور پرتشددہتھکنڈوں کو عالمی سطح پر بے نقاب کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرے۔بھارت کے ساتھ مذاکرات کرنے اور دوستی کے خواب دیکھنے والے درحقیقت احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔

بھارت نے ہمیشہ پاکستان کے مفادات کو نقصان پہنچانے کاکوئی موقع خالی ہاتھ نہیں جانے دیا۔بھارت مذاکرات کے نام پر دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکتارہا ہے۔میاں مقصوداحمد نے مزیدکہاکہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے ضروری ہے کہ طاقت کے توازن کو برقرار رکھا جائے۔خطے میں بھارت کو چودھراہٹ دینا امریکہ کی گہری سازش ہے جس کامقصد یہ ہے کہ جنوبی ایشیا کے حالات خراب رہیں اور خطے میں امن قا ئم نہ ہوسکے ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں