ْاعلی تربیت کیلئے ترکی جانے والی نرسوں میں جنرل ہسپتال کی تین اور سروسز کی چار نرسیں شامل

بیرون ملک اپنے مقصد کو ہمیشہ سامنے رکھیں اور اعلی پیشہ ورانہ پرفارمنس سے سب کے دل جیتیں‘چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ سروسز ہسپتال ثمینہ یاسمین ترکی جانے والی نرسیں اعلی پروفیشنل تربیت حاصل کرکے دکھی انسانیت کی بہتر انداز میں خدمت کریں ‘نرسنگ سپرنٹنڈنٹ ایل جی ایچ رضیہ بانو

اتوار 15 اپریل 2018 19:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2018ء) جنرل ہسپتال وسروسز ہسپتال سمیت صوبے کے مختلف ہسپتالوں سے تعلق رکھنے والی 20نرسیں اعلی پیشہ ورانہ تربیت کیلئے ترکی پہنچ گئیں۔ نرسوں کے اس وفد میں ایل جی ایچ کی تین جبکہ سروسز ہسپتال کی چار نرسیں شامل ہیں۔ جنرل ہسپتال سے تعلق رکھنے والی نرسوں میں فوزیہ منظور، شنومیت اور صوبیہ حنیف جبکہ سروسز ہسپتال سے سحرش ارشد،صبا کرن، فہمیدہ عبدالغفور اور کرن شہزادی ہیں۔

اس موقع پر جنرل ہسپتال لاہور میں ترکی جانے والی نرسوں کے اعزاز میں تقریب منعقد ہوئی جس سے خطاب کرتے ہوئے نرسنگ سپرنٹنڈنٹ رضیہ بانو نے کہا کہ ترکی جانے والی نرسیں پاکستان کے سفیر کی حیثیت سے بیرون ملک جا رہی ہیں۔ لہٰذا وہ اپنی تربیت اور اعلی کارکردگی پر بھر پور توجہ دے کر ملک و قوم کا نام روشن کریں اور اعلی پروفیشنل تربیت کے حصول کے بعد وطن عزیر آ کر دکھی انسانیت کی زیادہ بہتر انداز میں خدمت کریں۔

(جاری ہے)

چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ سروسز ہسپتال ثمینہ یاسمین نے نرسوں کو رخصت کرتے ہوئے انہیں تلقین کی کہ وہ ترکی میں جا کر اپنے مقصد کو ہمیشہ اپنے سامنے رکھیں اور اعلی پیشہ ورانہ پرفارمنس سے سب کے دل جیتیں۔ اس موقع پر ترکی جانے والی نرسوں نے پاک ترک دوستی کے بینرز اٹھا رکھے تھے اور وہ اعلی تربیت کے حصول کیلئے پرعزم دکھائی دے رہی تھیں۔ واضح رہے کہ ترکی سے نرسنگ کی اعلی تربیت کے حصول کیلئے جانے والا پنجاب کی نرسوں کا یہ چوتھا بیج ہے جو ایک ماہ کے تربیتی کورس پر ترکی پہنچا ہے جہاںیہ پیڈیاٹرک، انتہائی نگہداشت، امراض قلب، آپریشن تھیٹر اور وارڈ مینجمنٹ کے شعبوں میں تربیت حاصل کرے گا۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں