سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام نئے پیراکوں کیلئے تربیتی کیمپ انقلابی اقدام ہے، محمد عامر جان

اتوار 15 اپریل 2018 18:40

لاہور۔15 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2018ء) سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے کہا ہے کہ سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام نئے پیراکوں کے لئے ایک ماہ کا تربیتی کیمپ ایک انقلابی اقدام ہے، کیمپ میں عالمی معیار کے کوچز نئے پیراکوں کو تربیت دیں گے جس سے ملک میں نئے پیراکوں کی نئی کھیپ تیار ہوگی اور وہ عالمی مقابلوں میں حصہ لیں گے، یہ بات انہوں نے 16اپریل کو سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام سٹیٹ آف دی آرٹ پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس میں شروع ہونے والے ایک ماہ کے تربیتی کیمپ کے حوالے سے اپنے ایک بیان میں کہی، سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب سپورٹس کے فروغ اور کھلاڑیوں کی تربیت کیلئے کوشاں ہے، کھلاڑیوں کو جدید اور بہترین سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں، نئے پیراکوں کی تربیت کیلئے تربیتی کیمپ کا انعقاد بھی اسی سلسلہ کی کڑی ہے، انہوں نے کہا کہ ایک ماہ جاری رہنے والے تربیتی کیمپ میں 5سی16سال کے پیراکوں کو عالمی معیار کے کوچز تربیت دیں گے، تربیتی کیمپ نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں بنائے پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس میں لگایا جارہا ہے جس میں جدید سہولتیں میسر ہیں، جدید سوئمنگ کمپلیکس میں تربیت سے پیراکوں کے اعتماد میں اضافہ ہوگا اور وہ لگن کے ساتھ تربیت حاصل کریں گے، سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے مزید کہا کہ تربیتی کیمپ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پیراکوں کو قومی اور بین الاقوامی مقابلوں کیلئے تیار کیا جائے گا جس سے پیراکی کی دنیا میں پاکستان کا نام روشن ہوگا۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں