رمضان میں عوام کو اشیاء کی سرکاری نرخوں پر فراہمی کیلئے حکمت عملی مرتب کی جارہی ہے ‘ چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی

اتوار 15 اپریل 2018 17:00

لاہور۔15 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2018ء)چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی میاں عثمان نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں عوام کو معیاری اشیائے خوردونوش کی سرکاری نرخوں کے مطابق فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے حکمت عملی مرتب کی جارہی ہے ،اوپن مارکیٹوں کیساتھ رمضان بازاروں اورمرکزی سبزی و فروٹ منڈی کے بھی اچانک دورے کئے جائیں گے۔

ان خیالات کا اظہارا نہوںنے اپنی رہائشگاہ پر صارفین کی نمائندہ تنظیم کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ میاں عثمان نے کہا کہ رمضان المبارک میں ہر طرح کی اشیائے خوردونوش خصوصاًسبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنے کیلئے فوکس کیا جائے گا اور کسی کو بھی عوام کی جیبوں پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے ۔ انہوں نے وفد پر بھی زور دیا کہ وہ صارفین میں اپنے حقوق کا شعور اجاگر کریں اور انہیں کہا جائے کہ وہ دکانداروں کو سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق ادائیگی کریں اور زائد قیمتوں کا تقاضہ کرنے والوں کی شکایات درج کرائیں ۔

(جاری ہے)

میاں عثمان نے کہا کہ پرائس کنٹرول کمیٹی نے اپنی کارروائیوں سے کروڑوں روپے کی بلیک مارکیٹنگ روکی ہے اور یہ وہ پیسے ہیں جو دکانداروں نے گراں فروشی کی صورت میں عوام کی جیبوں سے نکالنے تھے۔انہوں نے کہا کہ اپنی قیادت کے وژن کے مطابق عوام کو ریلیف دینے اور ان کی خدمت کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی اوراس کیلئے ہمیں عوا م کا تعاون اور معاونت بھی درکار ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں