پاکستان کاقیام خالصتاًجمہوریت کی بنیاد پر عمل میں آیا‘ڈاکٹرراغب حسین نعیمی

قائداعظم محمدعلی جناح ؒ نے مذاکرات کی میز پر بیٹھ کرآزاد مسلم ریاست کاقیام ممکن بنایا‘ناظم اعلیٰ جامعہ نعیمیہ

اتوار 15 اپریل 2018 16:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2018ء) دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹر محمدراغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ پاکستان کاقیام خالصتاًجمہوریت کی بنیاد پر عمل میں آیا،قائداعظم محمدعلی جناح ؒ نے مذاکرات کی میز پر بیٹھ کرآزاد مسلم ریاست کاقیام ممکن بنایا،صدرالافاضل نے برصغیرپاک وہندکی تقسیم کے وقت پاکستان کے قیام کیلئے سنی بنارس کانفرنس کے صورت میں عملی کردار ادا کیا اوربرصغیر کے طول وعرض سے ہزاروں جید سنی علماء کوجمع کیا۔

عصرحاضر میں نظریاتی جنگیں میڈیا کے ذ ریعے لڑی جارہی ہیں۔علماء کرام کو معاشرتی معاملات بارے مکمل آگاہی حاصل ہونی چاہیے۔علماء کرام عامة الناس کی روش ا پنانے کے بجائے ایسے نظریے پرڈٹے رہیں جودلائل پر قائم ہو۔

(جاری ہے)

دین کی تبلیغ کیلئے علما ء کرام کے پاس مروجہ انتخابی سیاست کی بجائے منبر و محراب زیادہ موثر پلیٹ فارم ہے۔علما خود کو عالمی سطح پرعالم اسلام کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار کریں۔

جامعہ نعیمیہ ایسی ’’نظریاتی فکر‘‘ پر عمل پیرا ہے جس کی بنیاد خوف خدا اورعشق مصطفی ؐہے۔علماء کرام اشاعت اسلام کے لیے ہمیشہ دین پھیلانے والے مراکزسے اپنا تعلق مضبوط رکھیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز بزم نعیمیہ کے زیر اہتمام امسال جامعہ نعیمیہ سے فارغ التحصیل طلبہ کے اعزاز میں پروقار الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب سے مولانا محبوب احمدچشتی،مفتی محمدعمران حنفی، مولانا سید زبیراحمدشاہ نے بھی خطاب کیا جبکہ مولانا غلام مرتضی نقشبندی،پیر سید زین العابدین شاہ، مولانا مسعود احمدسیالوی،مولانا محب الرسول،مفتی محمدمدنی،مولانا صابر حسین،قاری منظور احمد،قاری عبدالرحما ن جامی،پیر فاروق احمد،مولانا محمدسلیم نعیمی،مولانا رضوان اکرم،قاری مبشر احمد،قاری محمدامین بھٹی ،بزم نعیمیہ کے عہدیداران سمیت جامعہ نعیمیہ کے اساتذہ اورطلبہ کی کثیرتعداد نے شرکت کی۔تقریب کے اختتام پر مولانامحبوب احمدچشتی نے ملک وقوم کی سلامتی کیلئے خصوصی دعاکرائی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں