ملک میں چوروں،لٹیروں اور کمیشن مافیا کی حکومت قائم ہے‘میاں مقصود احمد

کرپٹ ٹولے کی وجہ سے عوامی مسائل میں اضافہ ہوتا جارہا ہے،قوم کو ریلیف کے نام پر بے وقوف بنایاجارہاہے

ہفتہ 14 اپریل 2018 20:16

ملک میں چوروں،لٹیروں اور کمیشن مافیا کی حکومت قائم ہے‘میاں مقصود احمد
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اپریل2018ء)متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدراورامیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصوداحمد نے کہا ہے کہ ملک میں چوروں،لٹیروں اور کمیشن مافیاکی حکومت قائم ہے،موجودہ حکومت کی ظالمانہ اور غریب کش پالیسیوں کی بدولت عوامی مسائل میں دن بدن اضافہ ہوتاجارہا ہے،لوگوں کو پینے کاصاف پانی،صحت کی بنیادی سہولیات،تعلیم،لوڈشیڈنگ،دہشتگردی،مہنگائی اور بے روزگاری جیسے گھمبیر مسائل کاسامنا ہے،موجودہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے اپنی مدت اقتدار کی5سال پورے کر لیے مگر عوام کے ساتھ2013کے انتخابات کے وقت کیے جانے والے وعدے ابھی تک پورے نہیں ہوئے ،ریلیف کے نام پر قوم کو بے وقوف بنایاجاتارہا ہے، عوام دوپارٹی نظام سے تنگ آچکے ہیں اس لیے وہ ملک میں قائم فرسودہ نظام سے باغی نظر آتے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ آئندہ عام انتخابات میں متحدہ مجلس عمل کامیاب ہوکر ملک وقوم کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی۔کرپٹ ٹولے کے مسلط ہونے کی وجہ سے ہرادارے میں کرپشن کی داستانیں سنائی اور دکھائی دیتی ہیں۔کرپٹ اور نااہل لوگوں کو اہم عہدوں پر فائز کرنے سے منافع بخش ادارے قومی خزانے پر بوجھ بن چکے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ملک میں وسیع پیمانے پر بجلی کی چوری ایک ناسور بن گئی ہے جس سے اس وقت ملکی خزانے کو150ارب روپے کے نقصان کا سامنا ہے۔توانائی بحران کے خاتمے کے لیے ضروری ہے کہ دلاسوں کی بجائے حکمران سنجیدگی کامظاہرہ کریں۔انہوں نے کہاکہ جب تک عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم نہیں کیاجاتا ترقی اور خوشحالی کے دعوے حقیقت کا روپ نہیں دھار سکتے۔

ملک اس وقت اندھیروں میں ڈوباہواہے۔گرمی میں اضافے کے ساتھ ہی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہوتاجارہا ہے۔ہر سال جیسے ہی موسم گرماشروع ہوتاہے لوڈشیڈنگ کا عذاب عوام کے سامنے کھڑاہوتاہے۔جب تک کمیشن مافیا ملک پر مسلط ہے لوڈشیڈنگ کاخاتمہ ممکن نہیں۔بجلی بحران اور دیگر مسائل کے حل کے لیے عوام آئندہ انتخابات میں ایم ایم اے کو ووٹ دے کر کامیاب کرائیں تاکہ ملک کو حقیقی معنوں میں خوشحالی اور ترقی کی جانب گامزن کیاجاسکے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں