9سال گزرگئے، خصوصی بچوں کیلئے سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال نہ بن سکا،،بورڈ آف ڈائریکٹرکے چیئرمین اور وائس چیئرمین کی تعیناتی نہ ہونے اور ممبران کی عدم دلچسپی کے باعث کوئی فیصلہ سازی نہ ہو سکی ،100بیڈز کے ہسپتال کی تعمیر کیلئے دستیاب فنڈز ناکافی ہیں، سیکرٹری سپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ خالد محمود

ہفتہ 14 اپریل 2018 15:42

لاہور۔14 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اپریل2018ء)9سال گزرگئے، خصوصی بچوں کیلئے سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال نہ بن سکا،71ملین روپے کے فنڈز بھی ہسپتال کی تعمیر کے کام نہ آ سکے، پنجاب فنڈز فار ری ہیبلی ٹیشن آف سپیشل پرسنز کے نام سے قائم کی گئی خود مختار کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرزکے چیئرمین اور وائس چیئرمین کی تعیناتی نہ ہونے اور ممبران کی اجلاس میں عدم دلچسپی کے باعث کوئی فیصلہ سازی بھی نہ ہو سکی ۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر اکتوبر2009ء میں خصوصی بچوں کیلئی100بیڈز کا سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال قائم کرنے کیلئے پنجاب فنڈز فار ری ہیبلی ٹیشن آف سپیشل پرسنز کے نام سے ایک خود مختار کمپنی قائم کی گئی جس کیلئے ابتدائی طو رپر 50ملین روپے کے فنڈز محکمہ خزانہ پنجاب نے فراہم کئے،کمپنی کی طرف سے ہسپتال کیلئے محکمہ خزانہ کی جانب سے فراہم کردہ فنڈز کی بنک آف پنجاب میں 65ملین روپے کی سرمایہ کاری کی گئی،8سال کے بعد ہسپتال کیلئے کی گئی سرمایہ کاری کی مد میں 21ملین روپے کا منافع بھی حاصل ہوا،اس طرح سپیشل ایجوکیشن ڈیپاٹمنٹ کے پاس ہسپتال کی تعمیر کیلئی71ملین روپے دستیاب ہیں جس کے باوجود بھی سپیشل بچوں کیلئے ہسپتال کی تعمیر کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہوسکا ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق خصوصی بچوں کیلئے ہسپتال میں دو آپریشن تھیٹرز ، آئوٹ ڈور کی سہولیات کے ساتھ ساتھ فزیو تھراپی‘آکوپیشنل تھراپی‘ووکیشنل تھراپی‘آرتھوٹک تھراپی سمیت معذور بچوں کی تمام بیماریوں کے علاج کی سہولیات اور ریسرچ سنٹر قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیاتھا۔ذرائع کے مطابق پنجاب فنڈز فار ری ہیبلی ٹیشن آف سپیشل پرسنز کے نام سے قائم کی گئی کمپنی کیلئی17رکنی بورڈ آف ڈائریکٹرز بھی تشکیل دیا گیا تھا جس کے متعدد اجلاس بھی منعقد ہوتے رہے مگر بی او ڈی کے چیئرمین اور وائس چیئرمین کی تعیناتی نہ ہونے اور ممبران کی اجلاس میں عدم دلچسپی وعدم توجہی کے باعث کوئی فیصلہ سازی نہ ہو سکی ،بورڈ آف ڈائریکٹرز کے دیگر ممبران میں جسٹس (ر)عامر رضا خان‘پرویز مسعود‘ڈاکٹر امجد ثاقب‘سلمیٰ افتخار‘ثمرینہ انور‘ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب‘چیئرمین پی اینڈ ڈی ‘سیکرٹری فنانس‘سیکرٹری ہیلتھ‘سیکرٹری سپیشل ایجوکیشن ‘سیکرٹری سوشل ویلفیئر اور صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری شامل ہیں۔

سیکرٹری سپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب خالد محمود نے اس سلسلہ میں’’ اے پی پی‘‘ کوبتایا کہ خصوصی بچوں کے ہسپتال کیلئے 22کنال اراضی ٹائون شپ میں حاصل کرلی گئی ہے،100بیڈز کے ہسپتال کی تعمیر کیلئے دستیاب فنڈز ناکافی ہیں،کمپنی نے حکومت سے مزید فنڈزمانگے ہیں۔انہوںنے بتایا کہ آئندہ بجٹ میں مزیدفنڈز ملنے کی توقع ہے جس کی بعد ہسپتال کی تعمیر کا کام شروع کردیا جائیگا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں